جنرل راحیل شریف کی للکار سے قوم کو نیا حوصلہ ملا ہے، صاحبزادہ حامد رضا
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) عید کے بعد اپوزیشن جماعتوں کا بڑا اتحاد بننے والاہے، ماڈل ٹاؤن کے شہداء کا قصاص قومی مطالبہ بن چکا ہے، قوم راحیل شریف سے خوش اور نواز شریف سے ناراض ہے۔
زرائع کے مطابق ان خیالات کا اظہار سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے فیصل آباد میں تنظیم المساجد پاکستان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ امریکہ اور بھارت پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کے منصوبے بنا رہے ہیں، پانامہ پیپرز کے معاملے میں حکومت کا غیر لچک دار رویہ داخلی استحکام کیلئے خطرہ بن چکا ہے، حکومتی صفحوں کے اندر بغاوت ہونیوالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپیکر قومی اسمبلی کے جانبدارانہ رویہ کے بعد انکی اخلاقی ساکھ ختم ہو گئی ہے، ایاز صادق نے شریف خاندان کے ملازم ہونے کا ثبوت دیا ہے، حکمرانوں نے پاکستان دشمن سرگرمیوں پر آنکھیں بند رکھی ہیں۔انھوں نے کہا کہ جو نااہل حکمران 3 برسوں میں کچھ نہیں کر سکے وہ اگلے 2 برسوں میں کیا کریں گے، پاکستان میں صاحبان اقتدار کے احتساب کی روایت شروع ہونی چاہیئے، ایسا نہ کیا گیا تو ملک کبھی خوشحال نہیں ہوگا۔
صاحبزادہ حامد رضا کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں جمہوریت کے نام پر بد ترین آمریت مسلط ہے، بھارت امریکہ دفاعی معاہدے کی طرح پاکستان بھی چین کیساتھ اس طرز کا معاہدہ کرے، نواز شریف نے غداران وطن کیلئے آواز نہ اٹھا کر قوم کو مایوس کیا ہے، جنرل راحیل شریف کے ملک دشمنوں کو للکارنے سے قوم کو نیا حوصلہ ملا ہے۔