Uncategorized

دہشتگردوں اور سہولت کاروں کی فہرستیں تیار، عید کے بعد بڑے آپریشن کا فیصلہ

شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) عید کے بعد پنجاب بھر میں بڑے آپریشن کی تیاری کر لی گئی۔ رینجرز تعیناتی کی سمری حکومت پنجاب کو بھجوا دی گئی ہے۔ سمری کے مطابق وسطی اور جنوبی پنجاب کے بڑے شہروں میں کارروائی کی جائے گی۔ عید کے بعد پنجاب کے مختلف اضلاع میں سرگرم 12 گینگز نشانے پر ہونگے، جبکہ فوری آپریشن رحیم یار خان، فیصل آباد، راجن پور، مظفر گڑھ، ڈی جی خان میں متوقع ہے۔ کالعدم تنظیموں، دہشتگردوں کے ڈونرز، سہولت کاروں کی فہرستیں تیار کرلی گئی ہیں۔

پنجاب کے مختلف اضلاع میں رینجرز تعیناتی کے متعلق سمری پر فیصلہ جلد متوقع ہے جبکہ کارروائی کا دائرہ پورے پنجاب تک پھیلایا جائیگا۔ دریں اثناء وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پنجاب میں رینجرز کی موجودگی کو مزید مربوط بنانے اور ان کی تعداد کو بڑھایا جا رہا ہے۔

انھوں نے واضح کیا کہ رینجرز کو پنجاب کے بعض "مشکل” علاقوں میں جہاں انٹیلی جنس رپورٹوں کے مطابق ایک سخت کارروائی کی ضرورت ہے، کیلئے بلایا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ پہلی بار نہیں کہ پنجاب میں رینجرز کو بلایا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کچھ عرصہ پہلے راجن پور میں ڈاکوؤں کیخلاف آپریشن کیلئے بھی رینجرز کو طلب کیا گیا تھا۔

باوثوق ذرائع کے مطابق رینجرز کی تعیناتی کیلئے ایک سمری وزیراعلٰی شہباز شریف کو بجھوا دی گئی ہے، جن کی منظوری کے بعد وفاقی وزارت داخلہ کو رینجرز کی تعیناتی کیلئے خط لکھا جائے گا۔ وزیراعلٰی کو بھیجی گئی سمری کے مطابق رینجرز کی تعیناتی اپیکس کمیٹی کی جانب سے طے کئے گئے مخصوص علاقوں میں کی جائے گی، جہاں وہ دہشتگردوں، ان کے سہولت کاروں اور کالعدم تنظیموں کیخلاف پنجاب پولیس کے شعبہ انسداد دہشتگردی کیساتھ مل کر انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیوں میں حصہ لے گی۔

 

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button