Uncategorized

محرم الحرام کے دوران مجلس و جلوس عزاء سمیت عزاداران کو مکمل سکیورٹی فراہم کی جائے، علامہ مقصود ڈومکی

شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ عزاداری کے خلاف کسی بھی قسم کی سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا، محرم الحرام کے دوران عزاداری کے اجتماعات کو مکمل سکیورٹی فراہم کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وحدت ہاؤس کراچی میں مرکزی عزاداری سیل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں محرم الحرام کے دوران سندھ بھر میں منعقد ہونے والے عزاداری، مجالس اور جلوسوں کے پروگرامز کو حتمی شکل دے دی گئی اور ایک عزاداری سیل بھی قائم کر دیا گیا ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ اس سال سندھ میں ہونے والی تمام مجالس، عزاداری اور جلوسوں کو مکمل سکیورٹی کی فراہمی کے لئے مجلس وحدت مسلمین اور اسکاؤٹس رضاکاروں نے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے، اس کے علاوہ محرم الحرام کے دوران صفائی ستھرائی اور دیگر تمام انتظامات کو بھی مکمل کروایا جائیگا۔ انہوں نے عزاداری سیل کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سیکرٹری عزاداری سید اکبر شاہ کی سربراہی میں بننے والے عزاداری سیل میں علی حسین نقوی، مولانا علی انور جعفری، علامہ دوست علی سعیدی، مولانا سکندر علی، آفتاب میرانی، آغا ندیم جعفری، شفقت لانگا کو بحیثیت ارکان شامل کیا گیا ہے، ایم ڈبلیو ایم سندھ کی جانب سے عزاداری سیل کا مرکزی آٖفس وحدت ہاؤس سولجر بازار میں قائم کیا گیا ہے، جہاں صوبائی رہنما ناصر الحسینی آفس سیکرٹری کے خدمات انجام دیں گے۔

علامہ مقصود ڈومکی نے مزید کہا کہ شہر بھر کی جامع مساجد و امام بارگاہوں اور مجلس وحدت مسلمین کے ضلعی دفاتر و علاقائی یونٹس میں 7000 سے زائد ایم ڈبلیو ایم کے رضاکاروں پر مشتمل ورکنگ ٹیم بنائی گئی ہے، جو مرکزی آفس سے 24 گھنٹہ رابطہ میں رہے گی اور مختلف شعبہ جات میں اپنی ذمہ داریاں انجام دی جائیں گی، اس کے علاوہ ایم ڈبلیو ایم خواتین ونگ کی رضا کار بھی اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عزاداری سیل محرم الحرام کے دوران شہر میں ہونے والی تمام مجالس، جلوس اور عزاداریوں کی سکیورٹی کے ساتھ ساتھ ان علاقوں کی صفائی اور دیگر انتظامات کو مکمل کریں گے اور درپیش مشکلات کا ازالہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عزاداری کے خلاف کسی بھی سازش کو اب اس شہر کے شیعہ اور سنی بھائی مل کر ناکام بنائیں گے اور 1400 سال سے جاری عزاداری کو تاقیامت کسی کو روکنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button