Uncategorized

اتحاد بین المومنین کی خاطر ایم ڈبلیو ایم نے شیعہ علماء کونسل کیلئے ایک اور بڑی قربانی دیدی

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے  ملی وحدت کی خاطر ایک اور بڑا قدم اٹھایا ہے اور  قربانی دینے کی اپنی روش پر چلتے ہوئے شیعہ علماء کونسل کو اپنے پروگرام کا اجازت نامہ دیدیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سالہائے گزشتہ کی طرح مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن نے اس سال بھی جشن غدیر کی مناسبت سے 24 ستمبر کو نشتر پارک میں جشن ولایت علی علیہ السلام منانے کا پروگرام بنایا تھا اور باقاعدہ طور پر اس کا اجازت نامہ بھی پولیس اور انتظامیہ سے حاصل کیا تھا۔ تاہم بعدازاں شیعہ علماء کونسل نے بھی 24 ستمبر ہی کو تحفظ عزاداری کانفرنس میں کرنے کا اعلان کردیا اور کانفرنس کا مقام نشتر پارک رکھا گیا جبکہ اس سے قبل مجلس وحدت مسلمین کے ذمہ داران جشن ولایت علی علیہ السلام کا اجازت نامہ انتظامیہ سے حاصل کرچکے تھے۔شیعہ علماء کونسل سندھ کے صدر  علامہ ناظر عباس تقوی نے ایم ڈبلیو ایم سندھ کے سیکریٹری سیاسیات علی حسین نقوی اور ایم ڈبلیو ایم کراچی کے ذمہ داران سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور بعدازاں ملاقات کی جس میں انہوں نے پروگرام کا دعوت نامہ پیش کیا اور پروگرام کے اجازت نامہ پر بات چیت کی، جس پر علی حسین نقوی نے مجلس وحدت مسلمین کراچی کے ذمہ داران سے مشاورت کے بعد علامہ ناظر عباس تقوی  کو  نشتر پارک کا اجازت نامہ  دیدیا۔  یاد رہے کہ مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن نے ذمہ داران  نے ملت جعفریہ کے اتحاد کی خاطرجشن ولایت علی علیہ السلام  کا  پروگرام 24 ستمبر کو نشتر پارک کے بجائے 18 ستمبر کو  بریٹو روڈ پر منتقل کردیا تھا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی پی ایس 117 کے انتخابات میں مجلس وحدت مسلمین نے شیعہ علماء کونسل کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔ مجلس وحدت کی جانب سے شیعہ علماء کونسل کی حمایت کے اقدامات تو ذرائع سے موصول ہوتے رہتے ہیں لیکن شیعہ علماء کونسل نے بھی کبھی مجلس وحدت کے کسی پروگرام کی حمایت دی ہو یا کسی ایشو میں ان کا ساتھ دیا ہو، یہ آج تک کسی نے نہیں سنا ہوگا۔ حال ہی میں ڈیرہ اسماعیل خان میں شہید شاہد شیرازی کے چہلم کے موقع پر مجلس وحدت نے پروگرام کا اعلان کیا تھا جس کی تشہیر بھی کافی بڑے پیمانے پر کی گئی تھی لیکن شیعہ علماء کونسل نے اپنی اختلافی روش پر چلتے ہوئے اس ہی مقام پر ۲۰ تاریخ کو ہی پروگرام کا اعلان کردیا۔ اس پر بھی مجلس وحدت کے ذمہ داران نے اپنی اعلیٰ ظرفی کا ثبوت دیتے ہوئے اپنا پروگرام  مؤخر کردیا تھا۔ شیعہ نیوز کی ٹیم کی شیعہ علماء کونسل کے ذمہ داران سے گزارش ہے کہ خدارا ملت جعفریہ کے اتحاد کیلئے کی جانے والی کوششوں کی راہ میں رکاوٹ نہ بنیں، بلکہ اس ملت کو یکجا کرنے میں آپ بھی اپنا کردار ادا کرسکتے ہیں، پوری قوم آپ سے یہی امید کرتی ہے کہ آپ اپنی ضد چھوڑ کر قوم کے بہتر مستقبل کی خاطر  اتحاد بین المومنین کیلئے اپنی فعالیت انجام دیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button