پاک بھارت کشیدگی، ایران ایک بار پھر پاکستان کا دستِ راست بن گیا
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )پاک بھارت کشیدہ ترین صورتحال میں ایرانی بحریہ کے 4 جنگی جہاز سینکڑوں اہلکاروں کیساتھ خیر سگالی کے دورے پر کراچی کی بندرگاہ پورٹ قاسم پر پہنچ گئے ہیں۔
زرائع کے پاکستان کے ازلی دشمن بھارت کی جانب سے پاکستان پر متوقع جنگ مسلط کئے جانے کے خطرات کے پیشِ نظر برادر اسلامی ملک ایران ایک بار پھر اپنے پاکستانی بھائیوں کا دستِ راست بن گیا۔اطلاعات کےمطابق ایرانی بحریہ نے اپنے 4 بحری جنگی جہاز جذبہ خیر سگالی کے تحت پاکستان بھیجے ہیں جن پر سینکڑوں فوجی اہلکار بھی موجود ہیں۔ ایران کے چاروں بحری جنگی جہاز کراچی کی بندرگاہ پورٹ قاسم پر پہنچ گئے ہیں جہاں پاک بحریہ کی جانب سے ان کا استقبال کیا گیا۔ ایران سے آنے والے بحری جہاز وں میں لاوان، کونا راک، خنجر اور فالکن شامل ہیں۔
واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے شدید شور شرابے کے باوجود گزشتہ دنوں روسی فوجی بھی پاکستان آئے تھے اور گلگت میں دونوں ملکوں کے فوجیوں کی مشترکہ جنگی مشقیں جاری ہیں۔ روسی فوجیوں کے بعد ایرانی جہازوں کا آنا ایران کی پاکستان سے حقیقی دوستی کا واضح ثبوت ہے۔ پاکستان میں ایران کیخلاف بھرپور پروپیگنڈہ کے باوجود مشکل کی اس گھڑی میں ایران نے ثابت کیا ہے کہ وہ پاکستان کا برادر اسلامی ملک اور گہرا دوست ہے۔