ملی یکجہتی کونسل پاکستان کو دوبارہ فعال کر دیا گیا، علامہ ساجد نقوی سینئر نائب صدر جبکہ علامہ امین شہیدی نائب صدر مقرر
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) ملک میں مذہبی ہم آہنگی و اتحاد بین المسلمین کے فروغ کیلئے مذہبی و سیاسی جماعتوں پر مشتمل ملی یکجہتی کونسل پاکستان کو دوبارہ فعال کر دیا گیا۔ ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیر کو کونسل کا صدر اور لیاقت بلوچ کو سیکرٹری جنرل بنا یا گیاہے ۔ لاہور میں اجلاس کے دوران باہمی مشاورت سےملی یکجہتی کونسل پاکستان کے عہدے داروں کے ناموں کا اعلان کر دیا گیا۔ صاحبزادہ ابو الخیر زبیر صدر، لیاقت بلوچ جنرل سیکرٹری، اسلامی تحریک کے سربراہ علامہ ساجد نقوی سینئر نائب صدر، ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنماء علامہ امین شہیدی، مولانا محمد امجد، حافظ عبدالرحمن مکی، اور انجینئر ابتسام الٰہی ظہیر نائب صدور جبکہ خرم نواز گنڈاپور سیکرٹری مالیات مقرر کر دیے گئے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگومیں امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ بھارت اپنے اندرونی خلفشار کی وجہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے ، وہاں علیحدگی کی 125 تحریکیں چل رہی ہیں۔ صاحبزادہ ابو الخیر زبیر کاکہناتھا کہ دینی مدارس پاکستان کی حفاظت کرنا جانتے ہیں ۔ قائدین کا کہنا تھا کہ تعلیمی نصاب میں اغیار کے پیسوں سے تبدیلی کی جارہی ہے ، جو پاکستان کے اسلامی تشخص کو تبدیل کرنےکی سازش تصور ہوگی۔