ضلعی حکومت محرم الحرام کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کریگی، ڈی سی او ملتان
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )ضلعی امن کمیٹی کے تمام علمائے کرام، تاجر برادری اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے محرم الحرام کے دنوں میں امن و امان قائم رکھنے اور مذہبی رواداری کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ تکفیری دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہے۔ تمام مسالک امن قائم کرنے میں ضلعی حکومت کا بھرپور ساتھ دینگے۔
زرائع کے مطابق ان خیالات کا اظہار ڈی سی او ملتان نادر چٹھہ نے ڈی سی او آفس میں محرم الحرام کی مناسبت سے علمائے کرام اور تاجر برادری پر مشتمل امن کمیٹی کے اراکین کے ساتھ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سی پی او ڈاکٹر رضوان اور قاری حنیف جالندھری کے علاوہ علمائے کرام اور تاجر برادری کے رہنماء بھی شریک تھے۔ ڈی سی او ملتان نادر چٹھہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی حکومت محرم الحرام کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرے گی۔ پاک فو ج کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام مجالس میں کیمر ے اور واک تھروگیٹ کی تنصیب کے علاوہ ماتمی جلوسو ں کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔
ڈی سی او ملتان نے علمائے کرام سے اپیل کی کہ محرم الحرام کے موقع پر لائوڈ سپیکر ایکٹ، اسلحہ کی نمائش اور شرانگیز تقاریر کرنے والوں کی حوصلہ شکنی کریں۔ نادر چٹھہ نے کہ کہ ضلعی امن کمیٹی میں شامل ہر رکن کو خصوصی کارڈ جاری کیا جائے گا۔