ڈی آئی خان، بھارت کے خلاف مسلح قبائل کی ریلی، ہندوستان کو تہہ و بالا کرنے کا عزم
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )بھارتی جارحیت کے خلاف ڈیرہ اسماعیل خان میں مسلح قبائلیوں نے بھارت کے خلاف ریلی نکالی ہے، جس میں قبائلیوں نے بھارت کو تہہ و بالا کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
زر ائع کے مطابق بین الصوبائی روڈ پر واقعہ ایف آر ڈیرہ کے صدر مقام درازندہ میں علاقہ شیرانی قبائل کے مشران نے کشمیر اور پاک فوج کے حق میں یکجہتی ریلی کا انعقاد کیا۔ قبائل نے اسلحہ اٹھا رکھا تھا، مسلح قبائل نے بینرز بھی اٹھا رکھے تھے، جس پر پاک فوج کے حق میں نعرے درج تھے۔ اس موقع پر قبائل نے ہوائی فائرنگ کرکے انڈیا کیخلاف جنگ کا اعلان بھی کیا۔ اس موقع پر سابق شیرانی سردار یوسف مولوی امداد، غفار شاہ، امین شاہ و دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انڈیا کے ساتھ اعلان جنگ ہونے کے بعد سب سے پہلے شیرانی قبیلہ قربانی دے گا۔