ڈی آئی خان میں مکمل طور پر فرقہ ورانہ ہم آہنگی ہے، ڈاکٹر اختر نذیر وڑائچ
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان ڈاکٹر اختر نذیر وڑائچ نے کہا کہ ڈیرہ میں مکمل فرقہ وارانہ ہم آہنگی ہے، بدقسمتی سے شرپسندوں نے یہاں کے امن کو سبوتاژ کیا ہے۔ علاقے میں ترقی کا نیا دور شروع ہونے والا ہے، سی پیک منصوبے پر کام شروع ہوچکا ہے، علاقے کا مستقبل شاندار ہے۔ پاک فوج کی طرف سے قیام امن کیلئے تعاون پر اسٹیشن کمانڈر بریگیڈئر محمد عاطف منشاء کے شکر گزار ہیں۔
زرائع کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرکٹ ہاؤس ڈیرہ میں محرم الحرام کے بارے میں شعیہ سنی اکابرین، منتخب نمائندوں اور تاجران پر مشتمل اجلاس سے کیا۔ اجلاس میں پاک فوج کی طرف سے کرنل وقار، صوبائی وزیر زراعت خیبر پختونخوا سردار اکرام خان گنڈہ پور، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ معتصم باللہ شاہ، تحصیل ناظم سردار عمر امین خان گنڈ ہ پور، ڈی پی او یاسر آفریدی، اسسٹنٹ کمشنر زاہد پرویز وڑائچ، ٹی ایم او عمر خان کنڈی، تحصیلدار پروآ و ڈیرہ شوکت اقبال و دیگر شریک تھے۔ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض سیکرٹری ٹو کمشنر منصور ویہا نے سرانجام دئیے۔ اجلاس سے علامہ رمضان توقیر، سابق ایم پی اے عبدالحلیم قصوریہ، مرکزی انجمن تاجران کے صدر راجہ اختر علی، ایوان زراعت کے صدر حاجی عبدالرشید دھپ، تحصیل ناظم پروآ سردار امتیاز بلوچ، مولانا حماد اللہ فاروق، حاجی اللہ بخش سپل، سید تحسین علمدار شاہ، ڈاکٹر عبداللہ ظفری اور سہیل اعظمی سمیت دیگر نے خطاب کیا اور محرم الحرام کے حوالے سے اپنے مسائل اور مختلف تجاویز پیش کیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ڈیرہ نے کہا کہ ڈیرہ میں شیعہ سنی پیار محبت سے زندگی بسر کررہے ہیں۔ گومل زام ڈیم نہر پر کام مکمل ہوچکا ہے۔ جس سے ضلع ٹانک اور تحصیل کلاچی میں سبز انقلاب آئے گا۔ دشمن کی سرگرمیوں پر ہمیں ہوشیار رہنا ہے۔ آپس کے معمولی اختلافات کو بھلاکر ضلع کی ترقی کیلئے امن کے قیام کو یقینی بنانا ہے۔ اہل تشیع، اہل سنت، عمائدین علاقہ تاجران اور میڈیا محرم میں امن کیلئے اپنا کردار ادا کریں ۔2009 کے امن معاہدہ پر عمل کیا جائے گا، نیشنل ایکشن پلان کے تحت اسلحہ کی نمائش، لاؤڈ سپیکر کے استعمال وغیرہ پر پابندی ہوگی۔ کشمیر کے مسئلہ پر افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ معتصم باللہ شاہ نے کہا کہ اسلام صبر، برداشت اور امن کا درس دیتا ہے۔ ملکی حالات کا تقاضا ہے کہ ہم پیار محبت سے محرم الحرام کے ایام کو پر امن انداز میں گزاریں۔ ہم سب مسلمان ہیں اور ایک کشتی کے سوار ہیں، ہم نے اسلام اور پاکستان کے دشمنوں کو متحد ہوکر پیغام دینا ہے کہ ہم سب متحد ہیں۔ ہم میں کوئی اختلاف نہیں۔
پاک فوج کے کرنل وقار نے محرم الحرام کے سلسلے میں سرکٹ ہاؤس میں شیعہ سنی اکابرین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج نے محرم الحرام کے پر امن انعقاد کے سلسلے میں تمام انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ پاک فوج سے جس قسم کی امداد طلب کرے گی پاک فوج اس پر عمل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج امن کے بہتری کیلئے کام کررہی ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ سول انتظامیہ کے ساتھ ملکر محرم الحرام کو پر امن اختتام پذیر کریں۔ اور اس کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔