Uncategorized

محرم الحرام، ملتان میں سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی، جلوسوں کے راستوں پر خفیہ کیمروں کی تنصیب شروع

شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )ملتان میں محرم الحرام کے سلسلے میں پولیس لائن میں کنٹرول روم قائم، جلوس روٹس، امام بارگاہوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب اور تجاوزات کے خاتمے کا آغاز کر دیا گیا۔ میپکو افسران و اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں، مختلف شہروں میں انتظامی و پولیس افسران کے زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی۔

زرائع کے مطابق ضلعی حکومت ملتان نے محرم الحرام کے سلسلے میں ماتمی جلوس کے روٹس اور امام بارگاہوں سمیت حساس مقامات کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کے لئے سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب اور تجاوزات کے خاتمے کا آغاز کر دیا ہے، اس سلسلے میں ڈی سی او آفس اور پولیس لائن میں خصوصی کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیا ہے جہاں محرم الحرام کے دوران 24 گھنٹے براہ راست لنک کے ذریعے مجالس اور ماتمی جلوسوں کی مانیٹرنگ کی جائے گی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی روک تھام کی جا سکے۔ ڈسٹرکٹ آفیسر کوارڈی نیشن نادرچٹھہ نے پولیس کنٹرول روم کا اچانک معائنہ کیا اور پولیس کی جانب سے کئے گئے سکیورٹی انتظامات پر بریفنگ لی، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ضلعی حکومت ملکی حالات کے پیش نظر محرم الحرام پر سکیورٹی ریڈ الرٹ رکھے گی اور پاک فوج سمیت تمام سکیورٹی اداروں کو ضرورت پڑنے پر طلب کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ماتمی جلوسوں کے روٹس پر تجاوزات ختم کر کے سٹریٹ لائٹس کی تنصیب اور سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا سلسلہ 2 روز میں مکمل کر لیا جائے گا۔

دریں اثنا محرم الحرام کے سلسلے میں میپکو کے افسروں و اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں، ایس ای ایکسین ایس ڈی اوز لائن سپرنٹنڈنٹس لائن مین ہفتے اور اتوار کو بھی ڈیوٹی دیں گے۔ علاوں ازیں قائم مقام سٹی پولیس آفیسر ملتان ڈاکٹر رضوان کے ہمراہ محرم الحرام پر سکیورٹی کے حوالے سے سٹی ڈویژن کے ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز سے میٹنگ کی، جس میں محرم الحرام کے موقع پر سیکورٹی کو فل پروف بنانے کے احکامات جاری کئے گئے، بذریعہ ملٹی میڈیا مختلف ہیڈز میں حساس مقامات کے متعلق بریفنگ دی، تمام آفیسران کو ہدایت کی کہ اپنے اپنے علاقے میں پٹرولنگ کریں گے، ملازمین اور رضاکاران کو وقتا فوقتا بریف کرتے رہیں گے، سکیورٹی کو چیک کریں گے کمی کی صورت میں فوری طور پر نفری کو پورا کریں گے، مجالس کی حدور سے تقریبا 400 سے 500 گز دور پارکنگ بنوائیں گے تاکہ کسی قسم کی ناگہانی صورتحال پیدا نہ ہو سکے۔ ایس ڈی پی اوز اپنے اپنے علاقے میں ہونے والی مجالس اور جلسہ جلوس کے راستوں کی سکیورٹی کو ایونٹس ہونے سے قبل مکمل چیک کریں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button