ملکی سالمیت کو ایمان کا حصہ سمجھتے ہیں، بھارت نے حملے کی غلطی کی تو اسے پچھتاوے کے سوا کچھ نہیں ملے گا، آل پارٹیز کانفرنس
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ باقر زیدی نے کہا ہے کہ ہم ملکی سالمیت کو اپنے ایمان کا حصہ سمجھتے ہیں، بھارت نے حملے کی غلطی کی تو اسے پچھتاوے کے سو اکچھ نہیں ملے گا، بھارت کنٹرول لائن پر فائرنگ جیسے ہتھکنڈوں سے مقبوضہ کشمیر میں مظالم سے توجہ ہٹا نہیں سکتا۔
زرائع کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کی جانب سے کراچی پریس کلب پر منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آل پارٹیز کانفرنس میں جمعیت علماء پاکستان کے علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی، جمعیت علماء اسلام پاکستان کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکریٹری اسلم غوری، جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما محمد حسین محنتی، یونس بارائی، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قاضی محمد بشیر، پاکستان تحریک انصاف کراچی کے جنرل سردار عزیز، آل پاکستان سنی تحریک کے سربراہ مطلوب اعوان قادری، پاکستان عوامی تحریک کراچی کے نائب صدر قیصر اقبال قادری، آل پاکستان شیعہ ایکشن کمیٹی کے مرکزی محرک علامہ مرزا یوسف حسین، جعفریہ الائنس کے سیکرٹری جنرل اور مرکزی تنظیم عزا کے صدر سلمان مجتبیٰ نقوی، آئی ایس او کے رہنما علی عباس، فلسطین فاؤنڈیشن کے صابر ابومریم، مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے سیکریٹری جنرل میثم عابدی، انجینئر رضا نقوی، احسن عباس رضوی، علامہ احسان دانش، آصف صفوی، حسنین حیدری سمیت دیگر جماعتوں کے قائدین نے شرکت کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کے عوام بھارت کی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور کسی بھی ممکنہ جنگ کی صورت میں پاکستان کے بیس کروڑ عوام بھارت کے لئے بیس کروڑ ایٹم بم ثابت ہوں گے۔
آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے بھارتی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج بھارت کو منہ توڑ جواب دے رہی ہے اور دشمن کو واصل جہنم کررہی ہے پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملت جعفریہ پاکستان کا بچہ بچہ پاکستان کی بقاء کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے، پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والی ہر آنکھ کو نکال پھینکیں گے۔ رہنماؤں نے مزید کہا کہ پاکستان بنایا تھا اور ہم پاکستان کا دفاع کرنا بھی جانتے ہیں، مادر وطن کے دفاع کیلئے اندرونی اختلافات کو ایک طرف رکھنا ہوگا، حکومت فوری طور پر تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں کا اجلاس بلائے، بھارت کی بار بار کی گیدڑ بھپکیاں غیرت مند پاکستانیوں کے لیے نا قابل برداشت ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے دو جوانوں کی شہادت بھارتی دہشتگردی کا منہ بولتا ثبوت ہے، بھارت جنگی جنون کو ہوا دے کر خطے کے امن کو داو پر نہ لگائے، مسلح افواج غیر ملکی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں جب کہ بھارت اوچھے ہتھکنڈوں سے مقبوضہ کشمیرمیں مظالم سے توجہ ہٹا نہیں سکتا ہے، کشمیریوں کی تحریک آزادی کامیاب ہوکر رہے گی، وطن عزیز کے دفاع کے لیے عوام اور مسلح افواج یک جان ہیں۔
رہنماؤں نے مزید کہا کہ کشمیر کی آزادی انشاء اللہ قریب ہے اور اب ہندوستان کو ٹکڑے ٹکڑے ہونے سے کوئی نہیں بچا سکتا، بھارت کی پریشانی پاک چائنہ اکنامک کوریڈور منصوبہ ہے، جسے ناکام بنانے کے لئے وہ اپنے مکروہ فعل سرانجام دے رہا ہے، انشاء اللہ اقتصادی راہ داری ہماری شہ رگ ہے اس کی تکمیل کے لئے ہر قسم کی قربانی کے لئے قوم تیار ہیں اور بھارت سمیت اس میگا منصوبے کے دشمن ناکام رہیں گے، وزارت عظمیٰ کے منصب نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے سر کو چکرا کر رکھ دیا ہے، یہی وجہ ہے کہ ان کے بیانات اور اقدامات سیاسی عقل و شعور سے عاری ہوتے ہیں، بھارت میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات ان شرپسندوں او سازشی عناصر کی کارستانی ہے جو خطے میں امن کا قیام نہیں چاہتے۔ ہندوستان میں کسی بھی شر پسندی کے واقعہ کے فورا بعد بغیر کسی تحقیق کے پاکستان پر فوری الزام لگایا جانا سفارتی اصولوں کے خلاف اور بھارت کے حکمرانوں کی پاکستان دشمن ذہنیت کو آشکار کرتا ہے۔
آل پارٹیز کانفرنس میں پیش کی گئی قراردادیں:
ہم ملکی سالمیت کو اپنے ایمان کا حصہ سمجھتے ہیں، بھارت نے حملے کی غلطی کی تو اسے پچھتاوے کے سو اکچھ نہیں ملے گا۔
وفاقی حکومت بھارتی جارحیت اور کشیر میں مظالم کے خلاف دو ٹوک اور واضح موقف اختیار کرتے ہوئے پاکستان کا مقدمہ عالمی برداری کے سامنے پیش کرے۔
پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، وفاقی حکومت بھی بھارتی جارحیت کے خلاف پاک فوج کا ساتھ دے۔
تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں بھارتی جنگی جنون اور کشمیر ایشو پر ایک موقف رکھتے ہیں کہ پاکستان حکومت بھارتی حکومت کو سخت جواب دے۔
بھارت کے ساتھ ہر قسم کے تعلقات کو منقطع کیا جائے اور پاکستان کے ٹی وی چینلز پر بھارتی پروگراموں پر پابندی عائد کی جائے۔