لاہور پولیس نے محرم الحرام کے دوران سکیورٹی پلان تشکیل دیدیا
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )لاہور پولیس نے محرم الحرام کے دوران سیکورٹی پلان تشکیل دے دیا ہے۔ حساس اداروں کی جانب سے جاری ہونیوالے سکیورٹی الرٹس کے بعد محرم الحرام کے دوران 5 ہزار 327 مجالس، 650 جلوس حساس قرار دیئے گئے ہیں۔
زرائع کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ شہر میں ہونیوالی مجالس، جلوسوں کو اے، بی اور سی کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے اور اسی حساب سے سکیورٹی انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 599 اے کیٹیگری، 3 ہزار 517 بی اور 1211 مجالس سی کیٹیگری میں شامل کی گئی ہیں۔ ڈی آئی جی نے کہا کہ مجالس اور جلوسوں کو فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائے گی، اس حوالے سے شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سیکورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے جبکہ شہر میں سرچ آپریشن کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔
ڈی آئی جی آپریشنز لاہور ڈاکٹر حیدر اشرف نے مزید کہا کہ لاہور پولیس گزشتہ برس کی طرح اس سال بھی بھرپور انداز میں سکیورٹی دے گی اور تمام مجالس اور جلوسوں میں آنیوالوں کو تلاشی کے بعد داخل ہونے کی اجازت ہو گی جبکہ پولیس کی نفری کیساتھ بانیان کی جانب سے رضاکار بھی ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔