محرم الحرام کے پر امن انعقاد پر انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، علامہ عون نقوی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) محرم کے پرامن انعقاد پر انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جس جانفشانی سے سیکیورٹی اداروں نے اپنے فرائض انجام دیئے وہ قابل تعریف ہیں۔
زرائع کے مطابق ان خیالات کا اظہار ادارہ تبلیغ و تعلیمات اسلامی کے سربراہ اور معروف عالم دین علامہ عون محمد نقوی نے ماتمی انجمنوں، اسکاؤٹس گروپس، فلاحی اداروں کے ساتھ ایک نشست کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔علامہ عون نقوی کا کہنا تھا کہ عزاداران امام حسینؑنے ملی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ جس طرح باہمی ربط قائم رکھا وہ بھی نیک شگون ہے۔ انہوں نے حکومت اور ریاستی اداروں سے کہا کہ وہ اسی طرح عوام کی سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں کیونکہ ملک دشمن اور دہشت گرد ٹولہ یہاں بد امنی پھیلا کر ملک کو غیر مستحکم کرنے کے درپے ہیں جبکہ یہاں بسنے والے تمام طبقات متحد ہیں اور وہ اپنے مشترکہ دشمن کی شناخت رکھتے ہیں لہٰذا ضرورت اس بات کی ہے کہ اپنے اردگرد کے ماحول پر نگاہ رکھی جائے اور اتحاد و وحدت کے ساتھ تمام معاملات حل کئے جائیں۔