تکفیری دہشتگردوں کا تعلق لشکرجھنگوی سے اور انہیں افغانستان سے ہدایات مل رہی تھیں، آئی جی ایف سی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ )آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل شیرافگن کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ سینٹر پر حملہ کرنے والے تکفیری دہشت گردوں کا تعلق کالعدم لشکر جھنگوی سے تھا جنہیں افغانستان سے ہدایات مل رہی تھیں۔
زرائع کے مطابق کوئٹہ پولیس ٹریننگ سینٹر پر حملہ کرنے والے تکفیری دہشت گردوں کے خلاف آپریشن مکمل کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے آئی جی ایف سی شیرافگن کا کہنا تھا کہ رات 11 بجکر 10 منٹ پر پولیس ٹریننگ سینٹر پر حملے کی اطلاع ملی جس کےبعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری طور پر کارروائی کی اور تکفیری دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ سے کلئیرنگ تک 4 گھنٹے کا وقت لگا۔ انہوں نے کہا کہ تکفیری دہشت گردوں کی تعداد 3 تھی اور وہ تینوں خودکش بمبار تھے جن کا تعلق کالعدم لشکرجھنگوی سے تھا جنہیں افغانستان سے ہدایات مل رہی تھیں۔
آئی جی ایف سے نے مزید کہا کہ کوئیک ریسپانس فورس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک تکفیری دہشتگرد کو جہنم واصل کیا جس کے بعد 2 تکفیری خودکش بمباروں نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں زیادہ شہادتیں ہوئیں۔