ہزارہ زائرین کو کاغذات مکمل ہونے کے باوجود عملے کی جانب سے پاسپورٹ جاری نہ کرنا قابل مذمت ہے، عباس علی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) عام شہریوں کے پاس تمام دستاویزات موجود ہوتے ہیں مگر اسکے باوجود انہیں پاسپورٹ کے حصول میں دشواریوں کا سامنا ہوتا ہے۔ حکومت کو پاسپورٹ کے حوالے سے مسلسل شکایات موصول ہو رہی ہیں مگر اسکے باوجود حکومت کوئی خاص اقدام اٹھاتی نظر نہیں آرہی ہے۔
زرائع کے مطابق ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے سیکرٹری جنرل عباس علی نے ڈویژنل سیکریٹریٹ سے جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں کیا۔عباس علی نے پاسپورٹ آفس کی انتظامیہ کی جانب سے شہریوں سے روا رکھے جانے والے ہتک آمیز سلوک کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاسپورٹ آفس کے اعلیٰ افسران کا رویہ ناقابل برداشت ہوتا جا رہا ہے، تمام ثبوت و کوائف مکمل ہونے اور کئی مرتبہ ویریفکیشن کے باوجود بھی عوام بالخصوص ہزارہ قوم کو بلاوجہ تنگ کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محرم اور چہلم کے ایام میں لوگ بڑی تعداد میں نواسہ رسول صلی اللہ علیہ و آل وسلم کی زیارت کے لئے کربلا جاتے ہیں۔ ان ایام میں حکومت اور پاسپورٹ آفس خصوصی طور پر آسانی پیدا کرنے کے بجائے تعصب سے کام لیتے ہوئے حصول پاسپورٹ میں مزید سختیاں پیدا کر دیتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دوسری طرف پاسپورٹ آفس کے عملے کا متعصبانہ رویہ پاکستانی قوم اور اداروں کے درمیان نفرتیں پیدا کرنے کا سبب بن رہا ہے۔ پاسپورٹ کے اعلیٰ حکام نے افسر شاہی کا نظام قائم کر رکھا ہے اور عوام کو ذلیل کرنا اور انکی عزت نفس کو مجروح کرنا اپنا حق سمجھنے لگے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان حرکات پر حکومت کی خاموشی سے لگتا یہی ہے کہ شاید یہ اسٹیٹ کی پالیسی کا حصہ ہے کہ عوام کو ذلیل و خوار رکھا جائے تاکہ عوام ملکی معاملات میں اپنا کردار نہ کر سکے۔ ورنہ پاسپورٹ آفس کے اعلیٰ افسر کے آمرانہ سلوک اور افسر شاہی نظام قائم کرنے کا نوٹس ضرور لیا جاتا۔
عباس علی نے مزید کہا کہ اب تو یوں لگنے لگا ہے کہ اس ملک میں عوام کی فریاد سننے والا کوئی بھی ادارہ موجود نہیں ہے جو ان کے مشکلات کو حل کر سکے۔ تاہم حکومت وقت، عدلیہ اور انتظامیہ کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ سنجیدگی کے ساتھ ان معاملات کا نوٹس لیتے ہوئے پاسپورٹ آفس کے افسران کے خلاف کارروائی کریں۔عباس علی نے کراچی کے علاقے ناظم آباد میں مجلس پر کالعدم سپاہِ صحابہ کے سفاک دہشتگردوں کی جانب سے حملے میں 5 قیمتی جانوں کی ضیاع کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے صوبائی و وفاقی حکومت سے کالدم سپاہِ صحابہ سمیت دیگر تکفیری دہشتگرد گروہوں کے خلاف کاروائی کا مطالبہ بھی کیا۔