ڈی آئی خان، چہلم امام حسین (ع) کا سکیورٹی پلان جاری، شہر 5 سیکٹرز میں تقسیم
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) ڈی پی او ڈیرہ لیفٹینٹ کمانڈر (ر) یاسر آفریدی نے چہلم امام حسین (ع) 2016 کے سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دیدی ہے۔ ضلع بھر کو 5 سیکٹرز میں تقسیم کردیا گیا ہے۔ 13 تھلہ جات میں سے 5 تھلہ جات کو حساس ترین جبکہ 8 تھلہ جات کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان، پہاڑ پور اور کلاچی میں 21 جلوس نکالے جائیں گے۔ ڈیرہ شہر میں مجالس اور جلوسوں کے راستوں میں 55 گلیوں کو سیل کر دیا گیا۔ ڈیرہ پولیس کے علاوہ ایف آر پی کی تین پلاٹون بھی ڈیوٹیاں سر انجام دیں گی، موٹر سائیکل کی ڈبل سواری، اسلحہ لے کر چلنے پر پابندی لگا دی گئی۔ چہلم امام حسین (ع) کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیئے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ڈی پی او لیفٹینٹ کمانڈر(ر) یاسر آفریدی نے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں چہلم امام حسین (ع) 2016 کے سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دیدی ہے۔ ضلع ڈیرہ کو 5 سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے، ڈیرہ اسماعیل خان شہر کو 3 سیکٹرز، پہاڑ پور اور کلاچی کو بھی ایک، ایک سیکٹر میں تقسیم کیا گیا ہے۔
چہلم امام حسین (ع) کے دوران ضلع بھر میں کل 23 مجالس منعقد ہونگی، جن میں ڈیرہ اسماعیل خان شہر میں 17، پہاڑ پور میں 2 اور کلاچی میں 4 مجالس منعقد ہونگی جبکہ ضلع بھر میں 21 جلوس نکالے جائیں گے۔ جن میں ڈیرہ شہر میں 17، پہاڑ پور میں 2 اور کلاچی میں بھی 2 جلوس نکالے جائیں گے۔ ڈیرہ شہر میں مجالس اور جلوسوں کے راستوں میں 55 گلیوں پر پولیس تعینات کردی گئی ہے۔ سکیورٹی پلان میں سرکلر روڈ پر 33 گلیوں پر پولیس تعینات کرکے شہر کو سیل کردیا گیا ہے۔ اسی طرح 13 خارجی راستوں پر بھی پولیس کی خصوصی نفری تعینات کردی گئی ہے جبکہ پاک فوج اور پولیس کی مشترکہ 19 چیک پوسٹیں قائم کی جا رہی ہیں۔ ڈیرہ پولیس کے 1500 سے زائد پولیس اہلکار جبکہ ایف آر پی کی تین پلاٹون بھی سکیورٹی کے فرائض بیک وقت سر انجام دیں گی۔ چہلم امام حسین (ع) کے موقع پر موٹر سائیکل کی ڈبل سواری اور اسلحہ لے کر چلنے پر بھی پابندی لگادی گئی ہے، ڈی پی او یاسر آفریدی نے میڈیا کو بتایا کہ چہلم امام حسین (ع) کے موقع پر ڈیرہ پولیس ایمانداری اور فرض شناسی سے اپنی ڈیوٹی سرانجام دیگی فرائض میں غفلت برداشت نہیں کی جائیگی۔ عوام قیام امن کیلئے پولیس کیساتھ مکمل تعاون کریں۔