کراچی میں رینجرزکی کارروائی، دہشتگردی کا بڑامنصوبہ ناکام
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) کراچی: رینجرز نے کراچی کے علاقے گڈاپ میں کارروائی کرکے اسلحے کا بڑا ذخیرہ برآمد لیا۔اسلحہ دہشت گردوں کی جانب سے تخریب کاری میں استعمال کیا جاناتھا۔ تفصیلات کےمطابق رینجرز نے کراچی کے علاقے گڈاپ میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرکے سرگرم عسکری ونگ کے زیر استعمال اسلحے کا بڑا ذخیرہ برآمد کرلیا۔ ترجمان رینجرز کے مطابق ذخیرہ مکان کے خفیہ خانوں میں چھپایا گیا تھا۔اسلحے میں ایک ایل ایم جی،ایک سیون ایم ایم،ایس ایم جیز ،نائن ایم ایم ،تیس بور کی تین بے بی ایس جیز،تین بارہ بور ریپیٹر،تین ٹی ٹی پسٹل اور ایک بتیس بورکاریوالور اور ہزاروں گولیاں شامل ہیں۔
خیال رہے کہ پریڈی تھانے سےگرفتار کالعدم القاعدہ برصغیر کے تین ملزمان نے تفتیش میں انکشاف کیاتھاکہ وہ مستقبل میں مختلف تھانوں پر حملے کرنا چاہتے تھے۔ دوسری جانب حیدری پولیس نے کارروائی کرکے مفرور ملزم اشرف عرف ٹوپا کوگرفتار کرلیا۔ملزم پولیس مقابلوں اقدام قتل سمیت دیگر مقدمات میں مطلوب تھا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کراچی کے مختلف علاقوں سے3مبینہ دہشت گردوں سمیت 10 ملزمان گرفتار کیے تھے۔گرفتار ملزمان میں کالعدم تنظیم کے سہولت کار بھی شامل تھے۔