شہید اعتراز حسن کی زندگی پر مبنی سلیوٹ کا پریمیئر کل لاہور میں ہوگا
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) دہشت گردی کے خلاف اپنی جان قربان کرنے والے شہید اعتزاز حسن کی زندگی پر فلمائی جانے والی فلم سلیوٹ کا پریمیئر کل لاہور میں منعقد ہو رہا ہے۔ سلیوٹ ایک فیچر فلم ہے، جس میں اداکار عجب گل اور صائمہ شہید اعتراز حسن کے والدین کا کردار ادا کیا ہے۔ شہید اعتزاز حسن ہنگو سے تعلق رکھتے تھے اور پندرہ سال کی عمر میں خودکش حملہ آور سے ٹکرا گئے۔ خودکش حملہ آور ان کے سکول میں گھسنے کی کوشش کررہا ہے۔ اسے روکنے کی کوشش میں دھماکہ ہوا، جس میں اعتزاز حسن جام شہادت پا گئے۔ شہید اعتزاز نے اپنی جان تو قربان کردی مگر بیسیوں طالب علموں کی جان بچا لی تھی۔ فلم کے ہدایت کار اور مصنف شہزاد رفیق نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں یہ اپنی نوعیت کی پہلی ایسی بائیوپک فلم ہے جس میں ایک طالب علم کی بہادری اور قربانی کو موضوع بحث بنایا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پشاور میں آرمی پبلک سکول پر دہشت گرد حملے کے بعد ان کے ذہن میں خیال آیا کہ ایک ایسی فلم کی ضرورت ہے جس میں طالب علم کی قربانی کو اجاگر کیا جائے۔
ان کے بقول ’میں نے اس فلم میں دنیا کو یہ بتانے کی کوشش کی ہے کہ ہمارے ملک میں اتنے سارے دہشت گردی کے واقعات کے باوجود ہمارے بچے کتنے دلیر ہیں اور ان میں کتنا قربانی کا جذبہ ہے۔ ان کے مطابق اعتزاز حسن بنگش اس خطے کے ہیرو ہیں اور ان کی قربانی کو نصاب کا حصہ بننا چاہیے تاکہ آنے والی نسلیں بھی اپنے ہیروز کی بہادری سے واقف ہوں۔ انھوں نے کہا کہ یہ فلم کسی سرکاری یا غیر سرکاری پراجیکٹ کا حصہ نہیں بلکہ یہ ان کی خالصتًا اپنی فلم ہے جس میں کسی سے کوئی مدد نہیں لی گئی ہے۔ س فلم کی عکس بندی دبئی اور پاکستان میں کی گئی ہے۔ اس فلم میں معروف اداکاروں عجب گل نے اعتزاز حسن کے باپ اور صائمہ نے ماں کا کردار ادا کیا ہے جبکہ اس میں دیگر پاکستانی اداکار بھی شامل ہیں۔ فلم’ سیلوٹ‘ کا پریمیئر کل لاہور میں منعقد کیا جارہا ہے جبکہ کی اس کی باقاعدہ نمائش دو دسمبر سے ملک بھر میں کی جائے گی۔ اعتزاز حسن کے بھائی مجتبی بنگش کے مطابق انکے بھائی کی زندگی پر فلم ان کے خاندان اور علاقے کےلیے ایک بڑے اعزاز سے کم نہیں۔ انھوں نے کہا کہ اس فلم کے بننے سے اعتزاز حسن کی قربانی کو مزید تقویت ملی ہے اور ان کی بہادری کا پیغام اب گھر گھر پہنچے گا۔