قومی ایکشن پلان پر اسکی روح کے مطابق عملدرآمد یقینی بنایا جائے، پاکستان سنی تحریک
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) پاکستان سنی تحریک کے سینئر مرکزی رہنما محمد شاہد غوری نے کہا ہے کہ سرکار دو عالمؐ کا جشن ولادت منانا عین اسلام ہے، عاشقان رسولؐ قیامت تک ناموس رسالت کا تحفظ اور جشن ولادت مناتے رہینگے، مذہبی انتہاپسندی پھیلانے والے ملک دشمن اور بیرونی فارمولے پر کام کر رہے ہیں، قومی ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے، دہشتگرد اسلام اور ملک دشمن ہیں، ان سے پوری طاقت سے نمٹنا ہوگا، مذہبی انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے تمام اکائیوں کو مثبت کردار ادا کرنا ہوگا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے علاقے محمد کالونی میں عید میلاد النبیؐ کے جلوس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر فہیم الدین شیخ، علامہ احمد حسن امجدی، مولانا امیر حسین، مولانا محمد حسین ربانی و دیگر بھی موجود تھے۔ شاہد غوری نے کہا کہ ہمیں ملک میں روادری، محبت اور احترام انسانیت کے فلسفے کو پروان چڑھانا ہے، بارود کی بدبو کو درود و سلام کی خوشبو سے ختم کرنا ہے، عاشقان رسولؐ ملک کی سلامتی و بقاء کیلئے کسی بھی قسم قربانی دینے سے گریز نہیں کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے ملک کی سلامتی کیلئے لازوال قربانیاں دی ہیں، جس پر پوری قوم کو ناز ہے، قومی ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔