پنجاب کے حکمران آپریشن کی اجازت دیتے تو دہشتگردوں کا صفایا ہو چکا ہوتا، معصوم نقوی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) جمعیت علماء پاکستان (نیازی) کے سربراہ پیر معصوم نقوی نے لاہور میں صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ منافقت اور مفاداتی سیاست کا عروج ہے، مولانا فضل الرحمان ہر برسرِاقتدار پارٹی کے اتحادی اور ہر جانیوالی حکومت کے مخالف ہوتے ہیں، نیشنل ایکشن پلان اور ضرب عضب آپریشن کی وجہ سے دہشتگردوں کی ہلاکت پر پریشان جے یو آئی کے سربراہ کو فکر ہے کہ وہ انتہا پسند جماعتوں کی حمایت کیسے حاصل کریں گے، اس لئے وزیراعظم کیساتھ اختلافات کی باتیں منظرعام پر لاتے رہتے ہیں، انہیں فاٹا کے خیبر پختونخواہ میں شمولیت پر بھی پریشانی ہے کہ آئندہ انتخابات میں ان کی سیاست کا صفایا ہو جائے گا۔
پیر معصوم نقوی نے کہا کہ پاکستانی فوج اور عوام کی قربانیوں کے باعث دہشتگردی کے ناسور کا کافی حدتک خاتمہ ہو چکا ہے، اگر حکمران پنجاب میں بھی فوجی آپریشن کی اجازت دیتے تو کالعدم دہشتگرد تنظیموں کا خاتمہ ہو چکا ہوتا مگر وفاقی وزیر داخلہ کی کالعدم جماعت کے رہنماوں سے ملاقاتوں، ان کو اسلام آباد میں جلسے کی اجازت دینے اور جھنگ کے ضمنی الیکشن میں فورتھ شیڈول کے ملزم تکفیری امیدوار کی کامیابی سے واضح ہوگیا کہ دہشتگردی اور فرقہ واریت کو سرکاری سرپرستی حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ فوجی عدالتوں کو دہشتگردی کے خاتمے تک جاری رکھاجائے، تاکہ انتہا پسندی اور دہشتگردی کا مکمل طور پر خاتمہ ہو سکے، مساجد، مزارات اولیا، تعلیمی اداروں اور بازاروں میں دھماکے کرنیوالے دہشتگرد کسی رعایت کے مستحق نہیں، عدالتوں سے مجرم قرار دیئے جانیوالے دہشتگردوں کی سزاوں پر عملدرآمد کیا جائے۔