Uncategorized

انتہاء پسند قوتوں کو ہر سطح پر ناکام بنانا ہوگا، فوج اور رینجرز کی محنتوں پر پانی نہیں پھرنے دیں گے، ثروت اعجاز قادری

شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ 21 جنوری عوام کو ایک لڑی میں پرونے کیلئے سنگ میل ثابت ہوگی، انتہاء پسند قوتوں کو ہر سطح پر ناکام بنانا ہوگا، فوجی عدالتوں کو آرڈیننس کے ذریعے توسیع دے کر زیر التواء اور اہم کیسوں کو فوری نمٹایا جائے، دہشت گردوں کو خصوصی فوجی عدالتوں کے ذریعے انجام تک نہیں پہنچایا گیا تو دہشت گرد پھر مضبوط ہوں گے، ایسے اقدامات کئے جائیں جس سے فوج اور رینجرز کی امن اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کی جانیوالی کوششوں کو نقصان نہ پہنچے، جمہوریت کے حامی ہیں مگر دہشت گردی کے ناسور کو ختم اور عوام کی جان و مال کا تحفظ چاہتے ہیں، کراچی سمیت ملک بھر میں فوج اور رینجرز کی محنتوں پر پانی نہیں پھرنے دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فوجی عدالتوں کی مدت ختم ہونے پر مدت میں آرڈیننس کے ذریعے اضافے کا مطالبہ کرتے ہوئے کیا۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے 60 ہزار پاکستانی شہریوں نے جانوں کے نذرانے دیئے ہیں، صدر مملکت اور وزیر اعظم آرڈیننس کے ذریعے انتہائی خطرناک زیر التواء کیسوں کا فوجی عدالتوں میں ہی ٹرائل کرائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سنی تحریک ملک میں انتہاء پسندی اور دہشت گردی کا خاتمہ چاہتی ہے، 21 جنوری کو نشتر پارک میں دہشت گردوں کے مکروہ چہروں کو بے نقاب کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی ایکشن پلان کو نقصان پہنچا تو اس کے جواب دہ بھی حکمران ہونگے، کراچی میں آج امن و امان کی صورحال بہتر ہے تو اس کا کریڈٹ رینجرز کو جاتا ہے۔ انہوں کا کہنا تھا کہ جمہوریت دعوؤں، زبانی خرچ اور لولی پاپ کے ذریعے سیاست چمکانے کا نام نہیں ہے، جمہوریت ملک کے ایک ایک فرد کو یکساں حقوق مہیا کرتی ہے، سوائے ان لوگوں کے جنہیں آئین نے غیر مسلم قرار دیکر پابندیاں عائد کی ہیں، حکومت خیالی پلاؤ پکانے کے بجائے عوام کو بنیادی حقوق مہیا کرنے کیلئے اقدامات کرے، پاکستان سنی تحریک عوامی مسائل کے حل کیلئے ہر مثبت اقدام پر حکومت کا ساتھ دے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button