سانحہ پاراچنار مقامی دہشتگرد عناصر کی کارستانی ہے، گورنر خیبر پختونخوا
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفرجھگڑا نے کہا ہے کہ سبزی منڈی پارا چنار میں بم دھماکے کی کارروائی مقامی دہشت گرد عناصر کی ہے۔ ایسی کارروائیاں اب وہ دہشت گرد کر رہے ہیں، جو آپریشن ضرب عضب میں منتشر ہوکر ملک بالخصوص خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں اور علاقوں میں چھوٹے چھوٹے گروپوں کی شکل میں رہائش پذیر ہیں۔ شہریوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ دہشت گردوں کی ان باقیات کی نشاندہی کریں تاکہ ان بچے کھچے دہشتگردوں کا بھی خاتمہ کیا جاسکے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اقبال ظفر جھگڑا نے کہا کہ دہشت گردوں کی باقیات سافٹ ٹارگٹ دیکھ کر کارروائی کر دیتے ہیں، شہری اپنے اردگرد لوگوں پر نظر رکھیں اور شک پڑنے پر فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن اطلاع دیں۔ آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کے بعد اب دہشت گردوں کی نشاندہی کرنا شہریوں کی ذمہ داری ہے۔
گورنر کے پی کے نے مزید کہا کہ کامیاب آپریشن پر قوم اور سکیورٹی فورسز کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔ اب دہشت گردوں کے مراکز تباہ اور ان کی ایک بڑی تعداد کا خاتمہ ہوچکا ہے، بچے کھچے دہشت گرد رہ گئے ہیں۔ امید ہے کہ شہریوں کے تعاون سے ان کا بھی جلد خاتمہ ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بہت کم دہشت گرد باقی ہیں اور اب ان میں کسی بڑی کارروائی کی سکت نہیں۔ اگر شہریوں نے تعاون کیا تو ان کا مکمل خاتمہ جلد ممکن ہوگا۔ دہشت گردی عالمی سطح پر پھیل چکی ہے، اب یہ صرف پاکستان کا ہی نہیں پوری دنیا کا مسئلہ ہے اور پوری دنیا میں احساس کیا جا رہا ہے کہ اس کا مکمل خاتمہ ہوناچاہئیے۔ انہوں نے کہا کہ میں فاٹا کی ساتوں ایجنسیوں میں 3-3 بار جاچکا ہوں، میں فاٹا کے عوام سے مسلسل رابطہ میں ہوں تاکہ ان کے مسائل جان کر ان کا ازالہ کیا جا سکے۔