ملتان، ایم ڈبلیو ایم اور آئی ایس او کے زیراہتمام سانحہ پارہ چنار کے خلاف احتجاج
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے حکم پر سانحہ پارہ چنار کے خلاف اتوار کو یوم احتجاج کے طور پر منایا گیا، اس موقع پر اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، حیدرآباد، کوئٹہ، گلگت بلتستان، لاڑکانہ میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ سانحہ پارہ چنار کے خلاف ملک کے دیگر شہروں کی طرح ملتان میں بھی پریس کلب کے سامنے مجلس وحدت مسلمین اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیراہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے دہشت گردی، داعش اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی، مظاہرے کے شرکاء نے پینافلیکس اور پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے جن پر دہشت گردی کے خلاف نعرے درج تھے۔ احتجاجی مظاہرے کی قیادت مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی، علامہ قاضی نادر حسین علوی، ضلعی سیکرٹری جنرل سید ندیم عباس کاظمی، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ملتان کے ڈویژنل صدر عاصم سُرانی، نائب صدر احمد حسن، سید عدیل عباس زیدی، مرزا وجاہت علی اور دیگر نے کی۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں نے کہا کہ پارہ چنار میں دہشت گرد گروہوں کی جانب سے حملہ سیکیورٹی اداروں کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔