پارا چنار میں دہشتگردی فوجی عدالتوں کو متنازعہ بنانے کا نتیجہ ہے، ڈاکٹر طاہر القادری
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رسان ادارہ ) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے پارا چنار سبزی منڈی میں دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پارا چنار دہشتگردی قومی ایکشن پلان کو سبوتاژ کرنے اور فوجی عدالتوں کو متنازعہ بنانے کا نتیجہ ہے۔ حکمرانوں نے دہشت گردی کی جنگ کے حوالے سے قوم کو متحد کرنے کی بجائے کنفیوژ اور تقسیم کیا۔ حکمرانوں نے دہشت گردی کے خاتمے کی جنگ کو ادھورا چھوڑ دیا جس کی وجہ سے دہشت گرد پھر متحرک ہو گئے ہیں، پارا چنار دہشتگردی اس بات کا ثبوت ہے کہ دہشت گرد اور ان کا نیٹ ورک موجود ہے۔
ملتان پریس کلب میں ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ فوجی عدالتوں کی وجہ سے کچھ نہ کچھ دہشت گردوں کو سزائیں ملیں اور ان عدالتوں کا ایک خوف پیدا ہوا تھا۔ حکمرانوں نے اس خوف کو ختم کر دیا ہے اور مشاورت کے نام پر دہشتگردی کے خاتمے کے حوالے سے اہم کردار رکھنے والی فوجی عدالتوں کو متنازعہ بنا دیا ہے۔ حکمران دہشت گردی کی جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانے میں سنجیدہ نہیں ہیں۔ سربراہ عوامی تحریک نے پارا چنار دہشتگردی میں شہید ہونے والے شہریوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اور کہا کہ انسانیت کے خلاف اس جرم میں ملوث دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو گرفتار کرنے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔