داعش، طالبان اور القاعدہ جیسی دہشتگرد تنظیمیں امریکہ کی پیداوار ہیں، اعجاز ہاشمی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) لاہور میں علماء کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز ہاشمی نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا امریکی صدر بننا عالمی امن کیلئے خطرے سے کم نہیں، جس طرح عوام اور خواتین نے نئے صدر کیخلاف احتجاج کیا ہے وہ ان کیلئے پیغام ہے کہ اپنی انتہا پسندانہ پالیسیوں سے باز رہیں ورنہ عالمی سطح پر منافقت کی سیاست کے عالمی سردار امریکہ کیخلاف نفرت میں مزید اضافہ ہوگا۔
پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے اسلام دشمن بیانات پر انہیں شرم آنی چاہیے کہ ایک بدتمیز شخص پُرامن مذہب کو دہشتگردی اور انتہا پسندی سے جوڑتا ہے لیکن فلسطین میں جاری اسرائیلی دہشتگردی، ناجائز یہودی آبادیوں کی تعمیر انہیں اور انسانی حقوق کی دعویدار تنظیموں کو نظر نہیں آرہی، کشمیر میں جاری مظالم بھی عالمی اداروں کے منہ پر طمانچہ اور اقوام متحدہ کے وجود پر سوالیہ نشان ہے مگر سوال تو یہ بھی ہے کہ امریکہ نے فلسطین کیلئے اب تک کچھ نہیں کیا، منافقت کی سیاست کے سردار امریکہ کو مسلمانوں پر انتہا پسندی اور دہشتگردی کے الزام لگانے سے شرم آنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ داعش، طالبان اور القاعدہ جیسی دہشتگرد تنظیمیں تو امریکہ نرسریوں میں پروان چڑھی ہیں، جن کا تذکرہ خود ڈونلڈ ٹرمپ انتخابی مہم میں بھی ذکر کرتے رہے ہیں پھر دہشتگردی کا الزام اسلام اور مسلمانوں پر لگایا جاتا ہے۔