وزیراعلیٰ سینٹرل جیل کراچی میں شیعہ قیدیوں کیساتھ ناروا سلوک کا نوٹس لیں، علامہ ناظر تقوی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) شیعہ علماء کونسل سندھ کے صدر علامہ سید ناظر عباس تقوی کا کہنا ہے کہ کراچی سینٹرل جیل میں موجود شیعہ قیدیوں کے ساتھ نارواء سلوک انتہائی افسوس ناک اور قابل مذمت عمل ہے، جیل انتظامیہ کالعدم جماعت کے دہشتگردوں اور شیعہ قیدیوں میں تصادم کرانا چاہتی ہے، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اس بات کا نوٹس لیں۔ اپنے ایک بیان میں ایس یو سی سندھ کے صدر علامہ ناظر تقوی نے کہا کہ گزشتہ کئی ماہ سے ہم جائزہ لے رہے ہیں کہ جیل میں موجود شیعہ قیدیوں کے ساتھ زیادتی کا سلسلہ مسلسل جاری ہے، اس سال محرم الحرام میں بھی چہلم امام حسینؑ کی مناسبت سے نکالنے جانے والے جلوس پر بھی کالعدم جماعتوں کے دہشتگرد قیدیوں کی جانب سے جیل میں جلوس پر پتھراؤں کیا گیا تھا، جس میں متعدد شیعہ قیدی شدید زخمی ہوئے تھے، جیلوں کی اگر یہ صورتحال ہے تو جیل سے باہر دہشتگرد کس طرح سے دہشتگردی کر رہے ہونگے، جو پوری دنیا کے سامنے عیاں ہے۔
علامہ سید ناظر عباس تقوی نے کہا کہ ہم سندھ حکومت اور آئی جی جیل خانہ جات سے مطالبہ کرتے ہیں کہ جیل میں موجود شیعہ قیدیوں کو بنیادی سہولیات دی جائیں اور اُن کو کالعدم دہشتگرد جماعتوں کی بیرکوں سے دور رکھا جائے، تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آسکے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی تصادم کی صورتحال پیش آئی تو اس کی تمام تر ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی دریں اثناء علامہ ناظر عباس تقوی نے کینیڈا میں مسجد پر ہونے والی فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے واقعات کی روک تھام کیلئے کینیڈین حکومت کو مؤثر اقدامات کرنے چائیے، جیسا کہ دو افراد کی گرفتاری کا دعویٰ کیا جا رہا ہے، اُن کو سخت سے سخت سزائیں دی جائیں، تاکہ ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔