پاکستان اور ایران دو بھائیوں کی طرح ہیں، ہماری یہ پہچان تاریخی اعتبار سے بھی مسلم ہے، اقبال ظفر جھگڑا
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) گورنر خیبر پختونخوا انجینئر اقبال ظفر جھگڑا نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران دو بھائیوں کی طرح ہیں، ہماری یہ پہچان تاریخی اعتبار سے بھی مسلم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج بھی زندگی کے ہر میدان میں ہمارے کردار سے یہ حقیقت عملی طور بھی جانچی جا سکتی ہے۔ وہ اسلامی جمہوریہ ایران کی 38ویں سالگرہ کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں ایرانی قونصل جنرل محمد باقر بیگی، صوبائی وزراء، اراکین پارلیمنٹ اور مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے شخصیات نے شرکت کی۔ گورنر نے اس موقع پر کیک بھی کاٹا۔ گورنر نے کہا کہ موجودہ دور علاقائی بنیادوں پر باہمی تعلقات و رشتوں کو مستحکم بنانے کا دور ہے۔ باہمی بنیاد پر ٹھوس اقدامات، زندگی کے ہر میدان میں نتیجہ خیز ثابت ہوسکتے ہیں، نیز باہمی تعلقات بھی مستحکم ہوسکتے ہیں اور معاشی خوشحالی کے امکانات بھی پیدا ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے فن و ثقافت کے حوالے سے ایرانی قونصلیٹ کی خدمات کو بھی سراہا۔