انقلاب اسلامی ایران سے استعماری طاقتیں خطرہ محسوس کر رہی ہیں، علامہ امین شہیدی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) لاہور میں انقلاب اسلامی ایران کی 38ویں سالگرہ کی مناسبت سے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان لاہور ڈویژن کے زیراہتمام قومی مرکز شادمان میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کا عنوان "انقلاب اسلامی ایران کے عالمی اثرات” تھا، جس سے علامہ محمد امین شہیدی نے خصوصی خطاب کیا۔ سیمینار میں لاہور و مضافات سے درجنوں افراد شریک ہوئے۔ علامہ امین شہیدی نے انقلاب اسلامی کی سالگرہ کی کامیابیوں اور مشرق وسطٰی میں ہونیوالی تبدیلیوں پر مفصل انداز میں روشنی ڈالی۔
علامہ امین شہیدی کا کہنا تھا کہ انقلاب اسلامی کے بڑھتے ہوئے عالمی اثرات سے استکباری و استعماری طاقتیں خطرہ محسوس کر رہی ہیں اور انقلاب کے بڑھتے ہوئے نفوذ کو روکنے کیلئے سازشوں میں مصروف ہیں۔ علامہ امین شہیدی کا کہنا تھا کہ بحیثیت پاکستانی ہمیں بے حس کر دیا گیا، جیسا کہ امریکہ انقلاب سے قبل ایران میں قوم کی حساسیت کو ختم کرنے میں مصروف عمل تھا، جسے امام خمینی جیسے بابصیرت علماء نے بھانپتے ہوئے دفاع کیا اور ایک انقلاب برپا کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ تدریجی طور پر ہم پاکستانیوں کے احساس کو چھینا جا رہا ہے اور ہمیں ثقافتی جنگ میں شکست دی جا رہی ہے، اس لئے کسی بھی قوم کی حساسیت بدل کر قوم کی تقدیر بدلی جا سکتی ہے، اسی سازش کے تحت ہی نسل نوء کو گمراہ کرنے کے منصوبے شروع کئے گئے اور بے راہ روی کو فروغ دیا گیا۔ ان کا مزید کا کہنا تھا کہ انقلاب اسلامی کی دنیا بھر میں عوامی مقبولیت سامراجیت کیلئے خطرہ ہے۔ سیمینار میں سابقین آئی ایس او پاکستان بھی کثیر تعداد میں شریک تھے۔ علامہ امین شہیدی نے سیمینار کے اختتام پر طلباء کے سوالات کے جوابات بھی دیئے۔