لشکر جھنگوی کے دہشتگردوں کے انکشافات کے بعد چوہدری اسلم کے ڈرائیور کامران کی اہلیہ اور بھائی زیرِ حراست
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) چوہدری اسلم کیس میں کالعدم لشکر جھنگوی کے چار گرفتار دہشتگردوں کے انکشاف کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے چوہدری اسلم کے ڈرائیور پولیس اہلکار کامران کی اہلیہ اور بھائی کو تفتیش کیلئے حراست میں لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی چوہدری اسلم کیس میں لشکر جھنگوی کیلئے کام کرنے والے انکے ڈرائیور پولیس اہلکار کامران کا بھانڈا پھوٹنے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے نارتھ کراچی سے کامران کی اہلیہ اور بھائیوں کو حراست میں لے لیا۔ کامران کے دونوں بھائی پولیس اہلکار ہیں۔ کامران کا ایک بھائی کورنگی انویسٹی گیشن، جبکہ دوسرا ہیڈ کوارٹر ایسٹ میں تعینات ہے۔ دونوں بھائیوں کو شہید کوٹے پر ملازمت دی گئی تھی۔ کورنگی مہران ٹاؤن سے گرفتار کالعدم لشکر جھنگوی کے چار گرفتار دہشتگردوں نے انکشاف کیا تھا کہ چوہدری اسلم کے ڈرائیور پولیس اہلکار کامران نے حملے سے پہلے تمام معلومات فراہم کی تھیں۔ کامران کی اہلیہ اور بھائی کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔