ملک بھر میں یوم پاکستان کی تقریبات جاری
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) ملک بھر میں یوم پاکستان کی مناسبت سے تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔
پورے ملک کی طرح لاہور میں بھی یوم پاکستان روایتی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔ لاہور کے تاریخی گریٹر اقبال پارک میں آتشبازی کا خوبصورت مظاہرہ کیا گیا۔ رات 12 بجتے ہی ”یوم پاکستان“ کے موقع پر مینار پاکستان اور اقبال پارک لاہور میں شاندار آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا جسے دیکھنے کیلئے ہزاروں کی تعداد میں شہری گھروں سے نکل آئے اور پاکستان زندہ باد کے نعرے بلند کرتے ہوئے آتش بازی کا مظاہرہ دیکھا۔ لاہور میں اللہ کے پاک بابرکت نام اور 21 توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز کیا گیا۔
یوم پاکستان کے حوالے سے پاکستان کے تمام ریڈیواور ٹی وی سٹیشنز پر خصوصی پروگرامز نشر ہو رہے ہیں اور تحریک آزادی کے معروف کارکنان کو ریڈیو اور ٹی وی پروگراموں میں شرکت کیلئے مدعو کیا گیا ہے۔ صدر مملکت کی جانب سے تقریب تقسیم اعزازات کا انعقاد اور تمام صوبائی دارالحکومتوں میں گورنر اور وزیراعلیٰ کے زیراہتمام اعزازات کی تقاریب منعقد کی گئی ہیں۔
صوبائی حکومتوں کی ہدایت پر صوبائی دارالحکومتوں میں مشاعروں کا انعقاد کیا گیا ہے، پورے ملک کے یتیم خانوں اور دارلامانوں میں مٹھائیاں تقسیم کی جا رہی ہیں جبکہ قیدیوں کو خصوصی طعام مہیا کیا جائے گا۔ صوبائی دارالحکومتوں میں تحریک پاکستان سے متعلق تصویری نمائش لگائی جا رہی ہے۔ پورے ملک میں قرات، تقاریر اور مضمون نویسی کے مقابلوں کا انعقاد اور جیتنے والوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔