ایف آئی اے کی کاروائی، کراچی سے دو گستاخان رسول ﷺ گرفتار
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے سوشل میڈیا پر توہین آمیز مواد اپ لوڈ کرنے والے 2 گستاخوں کو کراچی سے گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ ملزمان کو اس شرمناک کام کیلئے ہالینڈ، برطانیہ، کینیڈا اور امریکہ سے تکنیکی و مالی امداد ملتی تھی۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے کراچی سے دو گستاخانِ رسول ﷺ کو گرفتار کرلیا ہے۔ ایاز نظامی عرف عبدالوحید اور رانا نعمان نے رئیلسٹک ڈاٹ کام، پاکستانی فری تھنکرز، ٹرپل اے پی، سچائی ڈاٹ کام، جہان سینسز اور سی ای ایم بی نامی سوشل میڈیا پیجز بنا رکھے تھے جن پر وہ گستاخانہ مواد اپ لوڈ کرتے تھے۔ دونوں ملزمان کو اس شرمناک کام کیلئے ہالینڈ، برطانیہ، کینیڈا اور امریکہ سے مالی و تکنیکی امداد ملتی تھی جبکہ ملزمان گرفتاری سے بچنے کیلئے ہالینڈ کی موبائل سم استعمال کرتے تھے۔
ایف آئی اے سائبر کرائم سیل نے دونوں ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمہ نمبر 7/17 درج کرلیا ہے۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کو تفتیش کیلئے اسلام آباد منتقل کردیا گیا ہے۔