شام میں امریکی حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں، حکومت اقوام متحدہ کے سامنے سوچ سمجھ کر فیصلہ کرے، رضا ربانی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا ہے کہ دشمن قوتیں مسلمانوں کو ایک دوسرے کے خلاف کھڑا کرنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ شام کے مسئلے پر حکومت مشاورت کے بعد اقوام متحدہ میں اپنا موقف پیش کرے۔
نوشہرہ میں جمعیت علمائے اسلام کے تین روزہ اجتماع سے ملکی قیادت نے خطاب کیا۔ چیئرمین سینٹ رضا ربانی نے کہا کہ ملک کے اندرونی و بیرونی حالات میں یہ اجتماع نہایت اہم ہے، دنیا میں اسلام کے خلاف منصوبے کے تحت سازش کی جا رہی ہے۔ اسلام کو بدنام اور دہشتگرد مذہب ثابت کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی قوتیں مسلم ممالک میں ابتری پیدا کرنا چاہتی ہیں، مسلم ممالک کو ایک دوسرے سے دست و گریبان کرانا چاہتی ہیں، مغربی قوتیں مسلم ملکوں کو ایک دوسرے کے خلاف کھڑا کرنا چاہتی ہیں اور بدقسمتی سے وہ اس سازش میں کامیاب ہو رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس اجتماع سے ایک آواز جانی چاہیئے کہ مسلمان ایک ہیں اور وہ اپنے عمل سے اس سازش کو ملیا میٹ کر دیں گے۔ انہوں نے شام میں امریکا کے حملے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ حکومت اقوام متحدہ کے سامنے سوچ سمجھ کر فیصلہ کرے۔ رضا ربانی نے کہا کہ حکومت مشاورت کرے اور پارلیمان کا مشترکہ اجلاس بلائے، وہ راستہ اختیار کیا جائے جو پاکستان کی سالمیت کیلئے بہتر ہو۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے خطاب میں کہا کہ پاکستان اسلام کا قلعہ ہے اور اس کے سیاست دانوں پر عالم اسلام کو درپیش چیلنجز کا سرجوڑ کر حل نکالنے کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔