خیبر ایجنسی میں فضائی کارروائی، متعدد تکفیری دہشتگرد ہلاک اور زخمی، امن دشمنوں کے کئی خفیہ ٹھکانے تباہ
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) وفاق کے زیرانتظام قبائلی علاقے فاٹا کی خیبر ایجنسی کے علاقے راجگال میں پاک فوج کی فضائی کارروائی میں کئی مبینہ دہشتگرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ آپریشن ردالفساد کے تحت خیبر ایجنسی کی وادی راجگال میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر فضائی کارروائی کی گئی۔ پاک فوج کے تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مبینہ دہشتگرد خیبر ایجنسی میں داخل ہونا چاہتے تھے، جہاں انہیں نشانہ بنایا گیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بمباری سے کئی مبینہ دہشتگرد ہلاک اور زخمی ہوئے جبکہ زخمی دہشتگرد واپس افغان صوبے ننگر ہار کی طرف فرار ہوگئے۔
اطلاعات کے مطابق 2 کالعدم تنظیمیں تحریک طالبان پاکستان اور لشکر اسلام نے باڑا سے دھکیلے جانے کے بعد خیبر ایجنسی کے علاقے راجگال میں ٹریننگ کیمپ قائم کر دیئے ہیں۔ واضح رہے کہ پاک فوج نے ماضی میں بھی خیبر ایجنسی میں دہشتگردوں کے خلاف فضائی کارروائی کرتے ہوئے کئی مبینہ دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا تھا۔ پاک افغان سرحد کے قریب خیبر ایجنسی کے علاقے راجگال میں پاک فوج نے گذشتہ سال دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کیا تھا، جہاں زمینی اور فضائی کارروائیاں کی گئی تھیں، جس سے کئی مبینہ دہشتگرد ہلاک اور ان کے ٹھکانے تباہ کر دیئے گئے تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور بارود برآمد بھی کر لیا گیا۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلحہ زنگوٹی کے غاروں میں چھپایا گیا تھا۔ اسلحے میں راکٹ لانچر اور مارٹر گولے شامل ہیں۔