مزدوروں کی ماہانہ تنخواہ کم از کم 30 ہزار روپے کیجائے، علامہ ناظر تقوی
شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) شیعہ علماء کونسل سندھ کے صدر علامہ سید ناظر عباس تقوی نے کہا ہے کہ عالمی یوم مزدور کے موقع پر وطن عزیز کے بلند ہمت محنت کشوں کی عظمت کو سلام پیش کرتے ہیں، یکم مئی مزدور طبقے سے اظہار ہمدردی کا دن ہے، لیکن بدقسمتی سے گزشتہ کئی سالوں سے حکمرانوں نے یوم مزدور پر تعطیل کا اعلان تو کیا، لیکن مزدور طبقے کے حقوق کے حوالے سے کوئی بھی اقدام نہیں کیا اور مزدور طبقہ آج تک بے بسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔
اپنے پیغام میں علامہ ناظر تقوی نے کہا کہ سیاست مدار یوم مزدور پر سیاست کرتے آج بھی نظر آتے ہیں، لیکن مزدور طبقہ اپنے بچوں کی تعلیم صحت اور روٹی کے حصول کیلئے در در کی ٹھوکرے کھا رہے ہیں، آج یوم مزدور کے دن ہم حکمرانوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مزدور جنہیں فیکٹری میں زندہ جلا دیا گیا، اُس کے حقائق کو عوام سے اب تک پوشیدہ رکھنا بے انصافی پر مبنی ہے، مزدور طبقے کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے اور وہ بچے یا وہ افراد جو مالکان کی طرف سے تشدد کا نشانہ بنتے ہیں، اُن مالکان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرکے کارروائی عمل میں لائی جائے، مزدور طبقے کی کم از کم ماہانہ تنخواہ سرکاری اور نجی اداروں میں تیس ہزار روپے کی جائے، تاکہ مزدور طبقہ اپنے بچوں کی تعلیم صحت اور گھر کے اخراجات کو چلا سکے۔