Uncategorized

حیدرآباد، اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیر اہتمام مردہ باد امریکا و اسرائیل ریلی کا انعقاد

شیعہ نیوز ( پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ ) اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ڈویژن حیدرآباد کی جانب سے 16 مئی یوم مردہ باد امریکا ​​و اسرائیل کی مناسبت سے اولڈ کمپس سے پریس کلب حیدرآباد تک احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت اے ایس او کے مرکزی صدر قمر عباس جتوئی کر رہے تھے، ریلی میں معصوم بچوں، خواتین اور نوجوانوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ریلی میں شریک بچوں اور خواتین نے پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے، ریلی کے اختتام پر امریکا اور اسرائیل کے پرچم نذر آتش کئے گئے۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اے ایس او کے مرکزی صدر قمر عباس جتوئی نے کہا کہ مقبوضہ فلسطین میں اسرائیلی ظلم و بربریت ناقابل قبول ہے، عالمی استعمار امریکا نے فلسطین کی ہزاروں سالہ تاریخ کو ختم کرکے 16 مئی 1940ء میں اپنے ناجائز بچے اسرائیل کو جنم دیا، اور اب تک ان دہشتگرد استعماری غاصب ریاستوں نے انسانیت پر ظلم و ستم کا بازار گرم کیا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں ہزاروں فلسطینی عوام کا قتل عام کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کا وجود کوئی غیرتمند انسان تسلیم نہیں کر سکتا، آج اسلامی ریاستوں سمیت پوری دنیا میں ہونے والی دہشتگردی کا سرچشمہ امریکا و اسرائیل ہیں۔

قمر عباس جتوئی نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح ؒنے بھی کہا تھا کہ اسرائیل کا وجود عالم انسانیت کیلئے خطرہ ہے، آج وہ بات واضح نظر آتی ہے۔ مرکزی صدر اے ایس او کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی باشعور عوام فلسطین میں ہونے والے مظالم پر کبھی خاموش نہیں بیٹھ سکتی، اقوام متحدہ کو سنجیدہ اقدام کرنے چاہیئے، انسانیت کے قتل عام پر خاموشی جرم ہے۔ احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مولانا غلام عباس جوئیہ نے کہا کہ ہم نے پاراچنار سے کراچی تک لاشیں اٹھائی ہیں، مگر کبھی صبر کا دامن نہیں چھوڑا، کوئٹہ، چلاس، لاہور، پیشاور سمیت پورا ملک شہیدوں کے خون سے پاک ہو چکا ہے، مگر ہم نے ہمیشہ استقامت سے ان سازشوں کا مقابلہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج بھی ہماری افواج پاکستان سے طالبان، داعش، سپاہ یزید کی صورت میں وہ دہشتگرد لڑ رہے ہیں، جو پاکستان کے دشمن رہے ہیں، جنہوں نے قیام پاکستان کی مخالفت کی، آج بھی بیرونی ایجنڈے پر عمل کر رہے ہیں، ہم محب وطن عوام ہیں، ہمیشہ اپنے اداروں کے ساتھ کھڑے رہینگے، اگر وقت آیا تو پاک افواج کے ساتھ ملکر ان دہشتگردوں کا مقابلہ کرینگے۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان حیدرآباد ڈویژن کے رہنماء جمال زیدی نے کہا کہ بیت المقدس کی حفاظت کرنا ہر مسلم پر واجب ہے، مگر ایک مخصوص سوچ کے گروہ نے بیت مقدس کیلئے کبھی بھی آواز نہیں اٹھائی، اب وہ آل یہود سے روابط قائم کرنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس موقح پر اپنے وطن عزیز کے شہداء اور پاک افواج کو سلام پیش کرتے ہیں، جو دہشتگردوں سے مسلسل حالت جنگ میں ہے۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اصغریہ علم و عمل تحریک (شعبہ خواتین) کی مرکزی صدر سلمہ علی نے کہا کہ قبلہ اول بیت المقدس کا آل یہود کی قید میں ہونا امت مسلمہ کی غیرت کو للکار ہے، فلسطین میں جو مظالم ہو رہے ہیں اس سے پوری دنیا واقف ہے، خواتین کی عزت و ناموس پر حملہ کرنا، مقدسات کی توہین کرنا اسرائیل کا شیوا بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ استعماری قوتوں کی ڈھال بنی نظر آتی ہے، اگر اقوام متحدہ بھی اس مسئلے پر خاموش رہے، تب بھی ہم اسرائیلی مظالم کے خلاف آواز اٹھانا جاری رکھیں گے۔ رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ فلسطین کو اس کی تاریخ حیثیت سے بحال کرکے اسرائیل کا نام صفہ حستی سے مٹایا جائے۔

 

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button