Uncategorized

27 رمضان المبارک کو پاکستان بھر میں یوم القدس منایا جائے گا، علامہ ساجد نقوی

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) اسلامی تحریک پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے قبلہ اول پر ناجائز اسرائیلی قبضے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اسرائیلی جارحیت کیخلاف اور فلسطینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ہر سال کی طرح امسال بھی ملک بھر میں جمعۃ الوداع 27 رمضان المبارک مورخہ 23 جون 2017ء کے روز پورے ملک میں یوم القدس کی عظیم الشان ریلیاں نکالی جائیں۔

علامہ ساجد نقوی کا کہنا تھا کہ مسلم ممالک مشترکہ مسائل پر ایک موقف اختیار کریں تو اسلام کی عظمت و سربلندی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکتا ہے، خدانخواستہ فرقہ واریت کا شکار رہے تو استعماری قوتوں کے مقابلے کیلئے قربانیاں زیادہ دینا ہوں گی۔ فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کے پاس وسائل موجود ہیں، مگر انہیں امت کی بیداری اور تحفظ کیلئے استعمال نہیں کیا جا رہا، جس کی وجہ اتحاد کا فقدان ہے۔ انہوں نے تجویز دیتے ہوئے کہا کہ قدس کی آزادی کیلئے او آئی سی کو مضبوط کیا جائے یا مسلم ممالک میں عوامی لیڈر شپ اپنے اندر ہم آہنگی پیدا کرکے قدس کی آزادی کیلئے جدوجہد کرے۔ انہوں نے کہا کہ مشرق وسطٰی میں ایک منصوبے کے تحت شدید محاذ آرائی و قتل و غارت گری کا بازار گرم ہے، اس کا مقصد اسرائیل کو محفوظ رکھنا ہے اور قبلہ اوّل کی آزادی کا راستہ روکنا ہے، جس سے مسلم امہ کی قوت کمزور ہو رہی ہے اور اس کے نتیجے میں اسرائیل محفوظ ہو رہا ہے، قبلہ اوّل کی آزادی دور ہو رہی ہے۔

علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ اسلام امن و سلامتی کا مذہب ہے، اس کی مختلف مسالک کی تعبیروں کو ہی امت کہا جاتا ہے، اس حوالے سے پاکستان میں دنیا بھر کے مسلمانوں کیلئے اتحاد اسلامی کی قابل تقلید فضا موجود ہے، جس پر عمل کرکے تمام مکاتب کر کو ایک پلیٹ فارم پر لایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قبلہ اوّل کی آزادی مسلمانوں کی ناموس اور اسلام کی سربلندی کا مسئلہ ہے، جس کیلئے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہوگا، بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ نے اسرائیل کو ناجائز ریاست قرار دیا تھا کہ فلسطین انبیاء علیہم السلام کی سرزمین ہے، اس پر اسرائیل کا ناجائز قبضہ کوئی آزادی پسند قوم تسلیم نہیں کر سکتی، آج اسرائیلی درندے فلسطینی ماﺅں بہنوں اور بیٹیوں کی بے حرمتی اور نوجوانوں و بچوں پر ظلم کرکے سیاہ تاریخ رقم کر رہے ہیں، لیکن سوچنے کی بات ہے کہ ہماری شرعی ذمہ داری کیا بنتی ہے، ہمیں آگے بڑھنا ہوگا کہ اسرائیلی ہاتھوں کو روک سکیں اور فلسطینیوں کو صیہونی زنجیروں سے آزادی دلا سکیں۔ اس حوالے سے بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی ؒ نے جمعة الوداع کو عالمی یوم القدس قرار دے کر فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کی بنیاد رکھی، یہ تحریک آج تک جاری ہے جو فلسطینی ریاست کے قیام اور قبلہ اول کی آزادی تک جاری رہے گی۔ علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ جمعة الوداع کو دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی یوم القدس کی عظیم الشان ریلیاں نکالی جائیں گی۔ جس کے لئے انہوں نے تنظیموں کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button