Uncategorized

سکھر، اصغریہ آرگنائزیشن کے زیر اہتمام فکر امام خمینیؒ سیمینار کا انعقاد

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) اصغریہ آرگنائزیشن سکھر ڈویژن کے زیر اہتمام فکر امام خمینیؒ سیمینار مہدی آباد روہڑی میں منعقد کیا گیا، سیمینار سے مرکزی صدر فضل حسین اصغری، مرکزی رہنماء عبدالرزاق بلوچ، اصغریہ اسٹوڈنٹس کے مرکزی صدر حبدار علی اور علامہ علی بخش سجادی نے خطاب کئے۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے فضل حسین اصغری نے کہا کہ امام خمینیؒ دنیا میں قائم اسلامی تحریکوں کیلئے نمونہ عمل ہیں، امام خمینیؒ نے انقلاب اسلامی کے ساتھ ہی اسلامی جمہوری نظام بھی تشکیل دیا کہ جو تمام ملکوں اور عالم اسلام کیلئے ایک کامیاب نمونہ قرار پایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک ایسے دور میں کہ جس دور کے حکمراں نہ ہی قرآنی آیات کا احترام کرتے تھے اور نہ ہی کسی اسلامی اصول و قوانین کا، نہ ہی عوامی مطالبات پر کان دھرتے تھے، ایک ایسے دور میں حضرت امام خمینیؒ نے قیام کیا اور سامراجی طاقتوں کے مقابلے میں ڈٹ گئے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ تاریخ اسلام میں بہت سارے علمائے حق ایسے نظر آئیں گے، جنھوں نے تہہ تیغ کلمہ حق کی آواز بلند کی، ان میں امام خمینیؒ کو نمایاں مقام حاصل ہے۔

عبدالرزاق بلوچ نے کہا کہ امام خمینیؒ نے ایک ایسے دور میں جبکہ پوری دنیا کی نظروں میں صرف دو طاقتیں اپنی طاقت کا مظاہرہ کر رہی تھی، یہ واضح کر دیا کہ دنیا کے اندر صرف دو طاقتیں (مغربی دنیا اور کمیونسٹ) ہی نہیں، بلکہ تیسری سب سے بڑی طاقت اسلام اور ایمان کی شکل میں موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایسے دور میں جبکہ مسلمانان عالم مایوسی کی زندگی گزار رہے تھے، امام خمینیؒ نے اپنے کردار و عمل کے ذریعے مسلمانوں کو یہ بات سمجھا دی کہ اسلام ہی وہ مذہب ہے، جو اس دور کے تمام فتنوں، الجھنوں اور مسائل کا حل پیش کرتا ہے۔ علامہ علی بخش سجادی نے کہا کہ امام خمینیؒ کی انقلابی تحریک کی بدولت دنیا بھر کے مظلوم و مستضفین کو تحرک ملا، اصغریہ پاکستان کے کارکنان آج بھی امام خمینیؒ کی انقلابی و آفاقی فکر پر گامزن ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان سمیت عالم اسلام کی مشکلات کا حل امام خمینیؒ کی فکر کی ترویج و تحفظ ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button