Uncategorized

کراچی، شیعہ علماء کونسل کے زیرِ اہتمام القدس ریلی

شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شیعہ علماء کونسل سندھ کی جانب سے سندھ بھر میں فلسطینی عوام سے اظہار ہمدردی اور قبلہ اول کی آزادی کیلئے سیمینارز، احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں منعقد کی گئیں، کراچی میں مرکزی القدس ریلی ریگل تا کراچی پریس کلب تک نکالی گئی، مرکزی آزادی القدس ریلی میں خواتین، بچوں اور بزرگوں سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی، شرکائے ریلی نے ہاتھوں میں پاکستانی پرچم، فلسطینی پرچم اور آزادی القدس کے پرچم اٹھا رکھے تھے، جبکہ پلے کارڈز اور بینرز بھی اٹھا رکھے تھے، جن پر امریکا مردہ باد، اسرائیل نامنظور سمیت القدس کی آزادی تک جنگ رہے گی اور اسرائیل کی نابودی تک جنگ رہے گی کے نعرے لکھے ہوئے تھے۔

اس موقع پر علامہ ناظر عباس تقوی، علامہ جعفر سبحانی، علامہ شہنشاہ حسین نقوی، محمد یعقوب شہباز، ایم کیو ایم پاکستان کے رکن سندھ اسمبلی قمر عباس، جماعت اسلامی کے مرکزی رہنماء اسداللہ بھٹو، پی ایس پی، جمیعت علمائے پاکستان کے علامہ قاضی نورانی، پی ٹی آئی کے رہنماء علی زیدی، مہاجر قومی موومنٹ کے وائس چیئرمین شمشاد غوری سمیت دیگر تنظیموں کے رہنماء موجود تھے۔

مرکزی القدس ریلی سے خطاب میں علامہ ناظر تقوی نے کہا کہ حکومت کو چاہیئے کہ وہ یوم القدس کو سرکاری سطح پر منانے کا اعلان کرے، مظلوم فلسطینوں کی حمایت میں گھروں سے نکلنا ہر شخص کا شرعی فریضہ ہے، یوم القدس کے اجتماعات میں شیعہ سنی مشترکہ طور پر شریک ہوتے ہیں، جو ہمارے دشمن کی سب سے بڑی ناکامی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے ازلی دشمن اور قبلہ اول پر قابض اسرائیل کی نابودی کیلئے امت مسلمہ کو متحد ہونے کی ضرورت ہے، قبلہ اول کی آزادی مسلمانوں پر قرض ہے، مسلکی نظریات کو ابھارا اور حقیقی اسلام کو دبایا جا رہا ہے، جو عالم اسلام کے زوال کا سب سے بڑا سبب ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قبلہ اول پر اسرائیل کے ناجائز قبضے کے پیچھے امریکا، برطانیہ اور اس کے اتحادی ممالک کی سازشیں کارفرما ہیں، استعماری قوتیں ہماری وحدت کو پارہ پارہ کرکے اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل میں مصروف ہیں، جس میں وہ ناکام ثابت ہونگے۔

ان کا کہنا تھا کہ غزہ کے محاصرہ اور مظلوم مسلمانوں کے آئے روز قتل عام پر اقوام متحدہ اور او آئی سی کی خاموشی اسرائیل کو تقویت پہنچا رہی ہے، مسلمان حکمرانوں کو چاہیئے کہ بیت المقدس کی آزادی کیلئے متحد ہو کر عملی جدوجہد کریں، خاموشی امت مسلمہ کی غیرت و حمیت پر بدنما داغ ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button