سانحہ جیکب آباد و سیہون شریف میں ملوث مجرموں کی رہائی کیخلاف ایم ڈبلیو ایم کا سندھ بھر میں احتجاج
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے زیر اہتمام سندھ بھر میں سانحہ جیکب آباد و سیہون شریف کی دہشت گردی میں ملوث مجرموں کی رہائی کے خلاف یوم احتجاج منایا گیا۔ اس سلسلے میں کراچی، حیدرآباد، ٹنڈو اللہ یار، جیکب آباد، سجاول و دیگر شہروں میں احتجاجی مظاہرے منعقد ہوئے۔
کراچی میں احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان، آپریشن رد الفساد اور فوجی عدالتوں کے باوجود قاتل دہشت گرد باعزت بری ہو رہے ہیں، جبکہ شہداء کے وارث آج بھی انصاف کے حصول کے لئے دربدر ہیں، یہ بات کسی المیہ سے کم نہیں کہ چند روز قبل نہ فقط سانحہ جیکب آباد میں ملوث دہشت گردوں کو رہا کردیا گیا، بلکہ سانحہ سیہون شریف کے سلسلے جن دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا تھا وہ بھی رہا کردیئے گئے، دشت گردوں کے ان مراکز اور سہولت کاروں کی نشاندہی ہم مسلسل حکومت اور انتظامیہ سے کرتے رہے مگر اس سنگین مسئلے کو کبھی سنجیدہ نہیں لیا گیا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ چیف جسٹس، چیف آف آرمی اسٹاف اور حکومت، سیہون شریف اور جیکب آباد میں دہشت گردوں کی رہائی کا فوری نوٹس لیں، اس سازش میں ملوث عناصر اور پولیس اہلکاروں کے خلاف کاروائی کریں اور عوام کے تحفظ کے لئے سنجیدہ اقدامات کریں، سندھ حکومت اور اپیکس کمیٹی نے سندھ بھر سے دہشت گردی کے جن مراکز کی نشاندہی کی تھی ان کے خلاف بھرپور ایکشن لیا جائے۔ اس موقع پر احتجاجی مظاہرے سے صوبائی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ نشان حیدر ساجدی، علامہ زاہد حسین ہاشمی اور ایم ڈبلیو ایم کراچی کے سیکریٹری سیاسیات میر تقی ظفر نے خطاب کیا۔