بشارت عظمیٰ کانفرنس 2 اگست کو جامعہ المنتظر لاہور میں ہوگی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے زیراہتمام بشارت عظمیٰ کانفرنس 2 اگست بروز بدھ صبح 10 بجے جامعتہ المنتظر میں منعقد ہوگی، جس میں علما، خطبا و ذاکرین اور بانیان مجالس شریک ہوں گے۔
کانفرنس میں دو سیشن ہوں گے، جن میں عزاداری کے تحفظ اور مجالس عزا کے حوالے سے لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔ کانفرنس سے رئیس الوفاق علامہ حافظ ریاض حسین نجفی، علامہ سید ساجد علی نقوی، مفسر قرآن علامہ شیخ محسن علی نجفی، علامہ افضل حیدری اور دیگر ذاکرین خطاب کریں گے۔ کانفرنس میں مجالس عزاء میں بعض مقررین کی طرف سے غیر ذمہ دارانہ خطابات کے حوالے سے مذہب حقہ کا نقطہ نظر اور خطباء کیلئے ضابطہ اخلاق پیش کیا جائے گا۔ جس میں مجالس کے حوالے سے رہنما اصول دیئے جائیں گے۔
سیکرٹری جنرل وفاق المدارس الشیعہ علامہ افضل حیدری نے کہا ہے کہ بشارت عظمیٰ کانفرنس میں اسلامی تعلیمات کے مطابق تبلیغات اور مذہب کی آبرو کے حوالے سے بزرگ علما و قائدین اظہار خیال کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ عزاداری سید الشہدا پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ تبلیغی مجالس عزاء درسگاہ کا درجہ رکھتی ہیں، جنہیں محفوظ بنایا جانا ضروری ہے۔