مسجد الاقصیٰ میں بھڑکتی آگ اسرائیل کو اسکے ظلم سمیت جلا کر راکھ کر دیگی، فضل حسین
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر فضل حسین اصغری نے مقبوضہ بیت المقدس میں مظلوم فلسطینیوں کو ظلم و بربریت کا نشانہ بنانے اور انہیں مسجد الاقصیٰ میں نماز کی ادائیگی سے محروم کئے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آزاد منش انسانوں، مختلف قوموں اور حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ صیہونی غاصبوں کے غیر انسانی اقدامات اور جارحیت کے مقابلے میں فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت کریں۔
اپنے مذمتی بیان میں فضل حسین اصغری نے کہا کہ قبلہ اول کی حثیت سے مسجد الاقصیٰ کا دنیا کے تمام مسلمانوں اور فلسطینوں سے ابدی تعلق ہے، صیہونی حکومت پورے خطے میں دہشتگردی کی اصل جڑ بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو یہ بات اچھی طرح ذہن نشین کر لینی چاہیے کہ مسجد الاقصیٰ پر حملہ کرکے اس نے جو آگ بھڑکائی ہے، وہ اسرائیل کو اس کے ظلم اور جارحیت سمیت جلا کر راکھ کر دے گی۔
فضل حسین اصغری نے کہا کہ فلسطینوں کی ہمیشہ کی طرح حالیہ استقامت بھی قابل رشک ہے، مظلوم فلسطینیوں نے ثابت کر دیا ہے کہ بیت المقدس پر حکمرانی کا حق فلسطینی قوم کو حاصل ہے، وہ دن دور نہیں جب بیت المقدس غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے پنجوں سے آزاد ہو جائے گا۔ مرکزی صدر نے مقبوضہ فلسطین اور خاص طور سے قدس شریف کے حالات پر اسلام اور امت مسلمہ کی قیادت کا دم بھرنے والے بعض ملکوں کی خاموشی پر بھی کڑی نکتہ چینی کی۔
انہوں نے انسانی حقوق کے عالمی اداروں خاص طور سے انسانی حقوق کونسل اور یونیسکو سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں پر عمل کریں اور اسرائیل کے غیر انسانی اور غیر مہذب اقدامات کا سلسلہ بند کرائیں۔