کراچی بھر میں دہشتگرد عناصر کیخلاف بلاتفریق کارروائی کو یقینی بنایا جائے، یعقوب شہباز
شیعہ نیوز(پاکستانی شیعہ خبر رساں ادار ہ)شیعہ علماء کونسل سندھ کے نائب صدر و پولیٹیکل سیکرٹری محمد یعقوب شہباز نے کراچی میں ٹریفک پولیس کے جوانوں کی شہادت پر انتہائی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اُن کے لواحقین سے دلی ہمددری اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے مذمتی بیان میں یعقوب شہباز نے کہا کہ کراچی میں قائم امن کو ایک بار پھر خراب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، مسلسل دہشتگردوں کی جانب سے پولیس اہلکاروں اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، دہشتگرد عناصر اگر یہ سوچ رہے ہیں کہ اُن کے اس طرح کے بزدلانہ حملوں سے سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کے حوصلے کم ہو جائیں گے، تو یہ اُن کی بھول ہے، کراچی کی روشنیوں کو اب کوئی بھی بجھا نہیں سکتا، کراچی جب دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہ بن گیا تھا، تو ہماری فورسز نے ہی کراچی کو ان درندہ صفت دہشتگردوں سے نجات دلوائی اور شہر کو امن کا گہوارہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کیلئے جانوں کا نذرانہ دینے والے فورسز کے جوان ہمارے قومی ہیروں ہیں، جن کی کاوشوں اور خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، لیکن حکومت کا بھی فرض بنتا ہے کہ وہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں اور شہر بھر میں بلاتفریق دہشتگرد عناصر کے خلاف کارروائی کو یقینی بنائیں، تاکہ دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا جا سکے۔