پاکستان کو انتہائی باریک بینی سے اپنی خارجہ پالیسی پر نظر ثانی کی ضرورت ہے، علامہ ناظر تقوی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شیعہ علماء کونسل سندھ کے صدر علامہ سید ناظر عباس تقوی نے کہا ہے کہ اس وقت مملکت خداداد پاکستان انتہائی نازک صورتحال سے دوچار ہے، لہٰذا پاکستان کو انتہائی باریک بینی سے اپنی خارجہ پالیسی پر نظر ثانی کرنے کی ضرورت ہے، ہم امریکا کی جانب سے پاکستان پر لگائے جانے والے الزامات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
اپنے بیان میں علامہ ناظر تقوی نے کہا کہ پاکستان ایک خود مختار ریاست ہے اور اس کے ادارے مستحکم اور مضبوط ہیں، پاکستانی افواج نے دہشت گردی کیلئے جو اقدامات اٹھائے ہیں، وہ کسی سے مخفی نہیں، ملک میں جاری دہشتگردی کے واقعات میں کافی حد تک کمی آئی ہے، پاکستان استحکام اور ترقی کی راہ پر پھر سے گامزن ہو چکا ہے، لہٰذا وہ قوتیں اور طاقتیں جو پاکستانی ایٹمی اثاثوں پر میلی نظر رکھتے ہیں، انہیں سوچنا چاہیئے کہ پاکستانی افواج اور عوام اپنے ملک کا بھرپور دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، بھارت اور امریکا کے تعلقات قابل تشویش ہیں، گزشتہ کئی عرصے سے جاری بھارتی اشتعال انگیز گولہ باری اور سرحدی سیز فائر کی خلاف ورزی، جس کے نتیجے میں درجنوں افراد کی شہادت پر اقوام متحدہ کی خاموشی بھی سوالیہ نشان ہے، پاکستان کو چاہیئے کہ اپنے دوست اور دشمن کی شناخت کرتے ہوئے خارجہ پالیسی کو بنایا جائے اور پاکستان میں موجودہ دہشتگردی کے خاتمے تک آپریشن ردالفساد جاری رکھا جائے۔