Uncategorized

سانحہ راجہ بازار کے حقائق سامنے آنے پر واضح ہو گیا دہشتگردی میں کون ملوث ہیں، سبطین سبزواری

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) شیعہ علماء کونسل پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے کہا ہے کہ آئی ایس آئی اور سکیورٹی اداروں نے راجہ بازار راولپنڈی میں عاشورہ محرم الحرام کے جلوس پر فائرنگ اور پتھراو، مدرسے میں جلاو گھیراو میں ملوث گروہ کو بے نقاب کرکے حقائق عوام کے سامنے پیش کئے ہیں، قوم شکر گزار ہے اور ان کے اس کارنامے کو تحسین کی نگاہ سے بھی دیکھتی ہے، 4 سال کی محنت کے بعد حقائق کو سامنے لانے سے واضح ہوگیا کہ اسلام اور پاکستان کا دشمن گروہ کون ہے؟ جو مساجد، مدارس، امام بارگاہوں، مزارات اولیا، عزاداری اور عید میلادالنبی(ص) کے جلوسوں اور عرس کی تقریبات پر حملے کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی اداروں نے ایک بار پھر واضح کر دیا ہے، یہی گروہ اس سے پہلے جھنگ اور دیگر علاقوں میں بھی مساجد اور امام بارگاہوں میں قرآن مجید کی بے حرمتی اور انہیں نذر آتش کرنے جیسی حرکتیں کر چکا ہے، جسے اس وقت کے وزیراعلیٰ غلام حیدر وائیں مرحوم نے پنجاب اسمبلی کے فلور پر بھی پیش کر دیا تھا۔

ضلع لاہور کے عہدیداروں کی تقریب حلف برداری سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئی مسلمان شعائراللہ کی توہین کا سوچ بھی نہیں سکتا، شیعہ سنی فسادات پھیلانے کیلئے کئے گئے ان ناقابل معافی جرائم سے واضح ہوگیا کہ بھارت اور افغانستان کی ایجنسیاں پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کیلئے کس گروہ کو استعمال کرتی آئی ہیں۔ علامہ سبطین سبزواری کا کہنا تھا کہ پاکستان شیعہ سنی کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے، کانگریسی طبقے نے اب تک وطن عزیز کو تسلیم نہیں کیا، اس لئے ان کی ہمدردیاں بھارت کیساتھ ہیں۔ علامہ سبطین سبزواری نے واضح کیا کہ پاکستان میں شیعہ سنی کے نام پر کوئی کشیدگی نہیں، دونوں مکاتب فکر کے درمیان فقہی اختلاف کے باوجود احترام کا رشتہ موجود ہے، آپس میں رشتہ داریاں ہیں، اسی لئے عید میلادالنبی اور عزاداری سید الشہدا میں دونوں موجود ہوتے ہیں، عشق رسول(ص) اور محبت اہلبیت(ع) پر انہیں فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ شعائر اللہ کی توہین کرنیوالوں کو عبرتناک سزا دی جائے، یہ دہشتگرد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button