پی ٹی آئی نے NA 120 لاہور کے ضمنی الیکشن میں نون لیگ کیخلاف کامیابی کیلئے ایم ڈبلیو ایم سے مدد مانگ لی
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 لاہور میں پاکستان تحریک انصاف کی امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد کی تحریک انصاف کے رہنما اعجاز چوہدری اور ایم پی اے میاں اسلم کے ہمراہ مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے صوبائی سیکرٹریٹ شادمان لاہور میں ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی سیکرٹری سیاسیات سید حسن رضا کاظمی سے ملاقات، موجودہ ملکی صورت حال اور این اے 120 کے ضمنی انتخاب کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر سید حسن کاظمی نے تحریک انصاف کے وفد کو خوش آمدید کہا۔ ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی دفتر میں وفد کے ہمراہ ملاقات کے دوران ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ نون لیگ کے خلاف ہم خیال جماعتوں کو مل کر جدوجہد کرنا ہوگی، اس سلسلے میں ان شاءاللہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان صاحب خود 8 ستمبر کو لاہور اسی صوبائی سیکرٹریٹ میں علامہ راجہ ناصر صاحب اور ایم ڈبلیو ایم کے دیگر قائدین سے تعاون کی اپیل کرنے آئیں گے۔
ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے رہنماء سید حسن کاظمی نے تحریک انصاف کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان شاء اللہ ہم اپنی قیادت تک آپکے پیغامات پہنچائیں گے، حتمی فیصلہ ہماری قیادت ہی کرے گی، کرپشن اور لوٹ مار کی سیاست کے خاتمے کے لئے ہم شروع دن سے جدوجہد کر رہے ہیں، ان شاء اللہ یہ سلسلہ جاری رہیگا۔ انہوں نے ڈاکٹر یاسمین راشد اور تحریک انصاف کے رہنماوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے باہمی روابط کو مزید مضبوط کرنا چاہیئے، الیکشن اور حمایت کے لئے رابطوں کے علاوہ قومی ایشوز پر بھی باہمی مشاورت کے سلسلہ کو جاری رہنا چاہیئے۔