Uncategorized

ملتان، ایم ڈبلیو ایم کے رہنما علامہ اقتدار نقوی کی جماعت اسلامی کے امیر سے ملاقات

شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام محرم الحرام سے قبل مذہبی، سیاسی اور سماجی شخصیات سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے، مجلس وحدت مسلمین کے وفد نے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی کی قیادت میں جماعت اسلامی ملتان کے امیر میاں آصف محمود اخوانی سے ملاقات کی، اس موقع پر پر ایم ڈبلیو ایم کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سلیم عباس صدیقی، صوبائی ترجمان ثقلین نقوی اور ملک عامر کھوکھر اور جماعت اسلامی کی جانب سے ضلعی جنرل سیکرٹری صہیب عمار، الخدمت فائونڈینشن کے ضلعی امیر ڈاکٹر صفدر ہاشمی اور دیگر رہنما موجود تھے۔

ملاقات میں دونوں جماعتوں کے رہنمائوں نے محرم الحرام میں امن واستحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا، ایم ڈبلیو ایم کے رہنما علامہ اقتدار نقوی نے کہا کہ محرم الحرام میں برادران اہلسنت کی جانب سے تعاون قابل تحسین ہے، محرم الحرام میں اہلسنت برادران کو سبیلیں لگانے اور تعاون پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں، انتظامیہ عزاداروں کے مسائل فوری حل کرے، عزاداروں کو ہراساں کیے جانے کا عمل ختم ہونا چاہیے، ملتان میں اتحاد و وحدت کے حوالے سے تمام معتدل مذہبی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔

اس موقع پر جماعت اسلامی کے ضلعی امیر میاں آصف محمود اخوانی نے کہا کہ جماعت اسلامی عالم اسلام کی بہتری اور ملکی سلامتی کے لیے ہر وقت کوشاں ہے، ملتان میں تمام جماعتوں کے اتحاد سے دشمن کی سازشوں کو ناکام بنائیں گے، محرم الحرام میں مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کے حوالے سے مجلس وحدت مسلمین کی کوششیں لائق تحسین ہیں۔ علامہ اقتدار حسین نقوی نے ایم ڈبلیو ایم کے زیراہتمام منعقدہ ’’امام حسین محسن انسانیت سیمینار‘‘ کی دعوت دی جسے جماعت اسلامی کے ضلعی امیر نے قبول کیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button