محرم الحرام میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) پاکستان میں محرم الحرام کے دوران دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا ہے۔
خیبر پختونخوا کے شہر پشاور کے سی سی پی او طاہرخان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پشاورمیں خزانہ کے علاقے سے انٹیلی جنس بنیادوں پرکیے گئے آپریشن کے نتیجے میں محرم الحرام کے دوران دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا گیا، آپریشن کے تحت 4 مطلوب دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔
سی سی پی او کا کہنا تھا کہ گرفتار دہشت گرد سیکورٹی فورسز پر حملوں میں بھی ملوث ہیں، دہشت گردوں میں عبد اللہ محرم الحرام کے دوران پشاور میں بارود نصب کر رہا تھا جس کا تعلق باجوڑ ایجنسی سے ہے جب کہ دوسرا، فورسز پر حملوں میں ملوث، تیسرا اور چوتھا دہشت گرد بھتہ خوری اور دیگر وارداتوں میں مطلوب تھے۔ گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے 2 دستی بم، 3 ایس ایم جیز اور2 پستول سمیت 5 کلو بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا۔