پشاور، ضلع ناظم کا امام بارگاہوں اور سپریم کمانڈ پوسٹ کا دورہ
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) ضلع ناظم پشاور محمد عاصم خان نے سکیورٹی، صفائی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اندرون شہر مختلف امام بارگاہوں اور سپریم کمانڈ پوسٹ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن صاحبزادہ محمد طارق، ڈسٹرکٹ ممبران تقدیرعلی، شیر فرزند اور مبشر منظور بھی ان کے ہمراہ تھے۔
انہوں نے اہل تشیع کے رہنمائوں سے سکیورٹی، صفائی اور دیگر انتظامات کے متعلق معلومات حاصل کیں جبکہ انہوں نے موقع پر ضروری احکامات جاری کئے۔ ضلع ناظم نے کوہاٹی چوک میں قائم سپریم کمانڈ پوسٹ کا بھی دورہ کیا اور حاضری رجسٹر چیک کیا جبکہ سکیورٹی کے حوالے سے خصوصی کنٹرول روم کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر محرم الحرام کے دوران سکیورٹی، صفائی اور دیگر انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سرکاری افسران محرم الحرام کے دوران اپنے فرائض منصبی پوری ایمانداری سے سرانجام دیں۔
انہوں نے علماء کرام سے بھی اپیل کی کہ محرم الحرام کے دوران مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والوں کے مابین دینی اور مذہبی ہم آہنگی برقرار رکھنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔