محرم الحرام، ملتان پولیس کا فلیگ مارچ، افسران کے دورے
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) محرم میں امن برقرار رکھنے کیلئے ملتان پولیس نے فلیگ مارچ کیا، محرم کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے پولیس افسران نے جلوس روٹس کے دورے کیے۔
تفصیل کے مطابق ملتان پولیس نے شہر بھر میں فلیگ مارچ کیا۔ سٹی پولیس آفیسر ملتان محمد سلیم اور ایس ایس پی آپریشنز ملتان عمارہ اطہر نے خصوصی طور پر فلیگ مارچ کے حوالہ سے میڈیا کو بریف کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کی فضا قائم رکھنے اور جرائم پیشہ عناصر کو وارننگ اور شہریوں کو تحفظ کا احساس دینے کیلئے فلیگ مارچ بہت ضروری ہے۔ ہم جرائم پیشہ عناصر کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ شہری بھی سیکیورٹی کے حوالہ سے جرائم پیشہ عناصر اور شرپسند عناصر کی موجودگی کی اطلاع فوری طور پر پولیس ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر دیں۔ اس کے بعد فلیگ مارچ سٹی پولیس آفیسر ملتان محمد سلیم اور ایس ایس پی آپریشنز ملتان عمارہ اطہر کی سربراہی میں روانہ ہوا، اس موقع پر تمام متعلقہ ڈویثرن کے ایس پی، سی ٹی او، ڈی ایس پی اور ایس ایچ او بھی شریک تھے۔ اس کے علاوہ ایلیٹ فورس کے جوانوں نے شرکت کی۔
فلیگ مارچ کا آغاز پولیس لائن ملتان سے ہوا جو شہر کے مختلف علاقوں سے ہوتا ہوا واپس پولیس لائن ملتان پر اختتام پذیر ہوا۔