منبر حسینی سے خطابات کا ضابطہ اخلاق بنانے کے لیے علما، ذاکرین،تنظیموں اور انجمنوں کے نمائندگان پر مشتمل کمیٹی تشکیل
شیعہ نیوز (پاکستانی شیعہ خبر رساں ادارہ) بزرگ ذاکر اہلبیت علامہ عباس کمیلی کی سربراہی میں شیعہ عمائدین کا اجلاس منعقد ہوا جس میں شہر کراچی اور ملک بھر میں منبر سے ہونے والی شیعہ عقائد کے خلاف تقریروں کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جعفریہ الائنس کے سربراہ و بزرگ ذاکر اہلبیت ؑ علامہ عباس کمیلی کی سربراہی میں شیعہ تنظیموں، ماتمی انجمنوں، علما اور ذاکرین کے نمائندگان کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں شیعہ عقائد بالخصوص توحید اور رسالت، امامت کی تخریب کرنے والوں اور فرش عزا پر انتشار پھیلانے والوں کی مذمت کی گئی۔ اجلاس میں مولانا باقر عباس زیدی، مولانا احمد اقبال رضوی، مولانا حیدر عباس عابدی، مولانا مرزا یوسف، مولانا حسین مسعودی، علامہ فرقان حیدر عابدی، علامہ کامران حیدر رضوی، علامہ زہیر عابدی، علامہ باقر حسین زیدی، علامہ نثار قلندری، علامہ ڈاکٹر جواد حسین، شمس الحسن شمسی، سلمان مجتبی، ایس ایم نقی، میثم عابدی، قاسم نقوی، شبر رضا سمیت مرکزی تنظیم عزا، تنظیم عزاداری، ایم ڈبلیو ایم، آئی ایس او، ہیئت آئمہ مساجد، ذاکرین امامیہ، جعفریہ الائنس، سمیت دیگر شیعہ جماعتوں کے ذمہ داران نے شرکت کی جبکہ شیعہ علما کونسل کے علما شریک نہ ہو سکے۔
اجلاس میں علامہ عباس کمیلی، مولانا باقر عباس زیدی، مولانا حیدر عباس عابدی، علامہ نثار قلندری، علامہ باقر حسین زیدی اور علامہ کامران رضوی پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی۔ کمیٹی ایک ضابطہ اخلاق تیار کرے گی تاکہ سب مل کر منبر حسینی سے اس ہی ضابطہ اخلاق کی پیروی کریں اور مسلمہ شیعہ عقائد کے خلاف تقریر کرنے والوں کی نہ صرف حوصلہ شکنی کی جائے گی بلکہ ایک مشترکہ کمیٹی کے ذریعے ایسے شرپسند عناصر کے خلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔